کاماریڈی: 3؍ فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جمعیت العلماء کاماریڈی کے صدر حافظ فہیم الدین منیری کی قیادت میں جمعیت العلماء کا ایک وفد نے آرڈی او کاماریڈی کو تفصیلی یادداشت پیش کرتے ہوئے مسلم قبرستان موضع گرگل کے تحفظ کیلئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ گذشتہ چند دنوں سے اکثریتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے قبرستانوں کو مسمار کرتے ہوئے اراضی حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ گذشتہ دو ماہ کے دوران دومکنڈہ منڈل کے موضع تجال پور، بھکنور مستقر کے علاوہ کاماریڈی منڈل کے گرگل کے قبرستان کو مسمار کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ حافظ فہیم الدین منیری کی قیادت میں حافظ مشتاق، مولانا شیخ احمد، محمد فیروز، محمد ماجد اللہ، محمد معز اللہ، محمد حاجی و دیگر نے آج آرڈی اوکو یادداشت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلم قبرستانوں کی قیمتی اراضی پر اکثریتی فرقہ سے تعلق رکھنے والوں کی نگاہ پڑرہی ہے اور اراضی کو حاصل کرنے کیلئے قبروں کو مسمار کرتے ہوئے اراضی حاصل کرنے کیلئے قبرستانوں کو نقصان پہنچارہے ہیں۔ حالیہ چند دنوں میں تجال پور، بھکنوراور گرگل کے قبرستان میں قبروں کو مسمار کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ لہذا ان قبرستانوں کے تحفظ کیلئے فوری اقدامات کرنے اور حدبندی کرنے کا مطالبہ کیا۔ آرڈی او نے جمعیت العلماء کی نمائندگی پر سنجیدہ اقدامات کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔