مسلم طالبات کیلئے اسکالرشپس کا حصول

کریم نگر ۔ 8اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کریم نگر کی جانب سے سکریٹری سوسائٹی محمد ظہور خالد کی سرکردگی میں گورنمنٹ گرلز جونیئر کالج کریم نگر میں مولانا آزاد ایجوکیشن فاؤنڈیشن نئی دہلی کی جانب سے انٹرمیڈیٹ سال اول اور سال دوم زیر تعلیم مسلم طالبات کیلئے اسکالرشپس کے حصول کے ضمن میں شعور بیداری پروگرام بصدارت پرنسپل جونیئر کالج خواجہ محسن الدین منعقد ہوا ۔ اس موقع پر سکریٹری مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی ظہور خالد نے کہا کہ مولانا آزاد ایجوکیشنل فاؤنڈیشن نئی دہلی کی جانب سے انٹرمیڈیٹ کے مسلم طالبات اردو ‘ تلگو اور انگریزی میڈیم میں زیر تعلیم ہیں اور جماعت دہم میں 55%فیصد نشانات حاصل کئے ہوں اسکالرشپ کے اہل ہیں ۔ اہل طلباء کو سالانہ 6 ہزار روپئے دیئے جائیں گے ۔ موصوف نے کہا کہ مرکزی و ریاتی سرکاری ملازمین کی مسلم لڑکیاں اس اسکالرشپ کی اہل نہیں رہیں گی ‘ ظہور خالد نے کہا کہ اسکالرشپ کے حصول کیلئے طالبات کے سرپرستوں کی سالانہ آمدنی ایک لاکھ روپئے سے کم ہونی چاہیئے اور 20روپئے کے بانڈ پیپر پر والد یا سرپرست کی جانب سے جاری کردہ صداقت نامہ /حلف نامہ قابل قبول ہوگا ۔ شیخ ابوبکر خالد سوسائٹی خازن نے مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کی تفصیلی رپورٹ پیش کی ۔ پرنسپل جونیئر کالج خواجہ محسن الدین نے طلباء سے اسکالرشپ سے استفادہ کی اپیل کرتے ہوئے 30 ستمبر سے قبل فارم کی خانہ پُری کر کے متعلقہ پرنسپل کے ذریعہ دہلی روانہ کریں ۔ صدر سوسائٹی انجنیئرمحمدمظفر الدین احمد نے ہونہار طالبات میں اسکالرشپ کے فارمس تقسیم کئے ۔