مسلم خواتین کو روزگار سے مربوط کرنے سلائی مشینوں کی تقسیم

میدک میں جلسہ سے ایم ایل سی فاروق حسین اور ڈپٹی اسپیکرپدما دیویندرریڈی کا خطاب
میدک۔/31اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اسٹیٹ میناریٹی کارپوریشن کی جانب سے منظور شدہ سلائی مشینوں کی تقسیم دفتر بلدیہ میدک کے احاطہ میں منعقدہ ایک پروگرام میں عمل میں آئی۔ اس تقریب کی صدارت صدر نشین بلدیہ مسٹر اے ملکارجن گوڑ نے کی۔ جس میں مقامی ایم ایل اے ریاستی ڈپٹی اسپیکر قانون ساز اسمبلی محترمہ ایم پدما دیویندر ریڈی اور سابق صدر نشین اسٹیٹ میناریٹی کارپوریشن ایم ایل سی محمد فاروق حسین نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر غریب مسلم خواتین میں 100 سلائی مشینوں کی تقسیم عمل میں آئی۔ تقسیم عمل میں ٹاؤن کے تمام 27 بلدی حلقوں کا احاطہ کیا گیا۔ ایم ایل سی محمد فاروق حسین نے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فی سلائی مشین 12 ہزار مالیت کی ہے اس لحاظ سے اس تقریب میں 12 لاکھ کے سلائی مشینوں کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت غریب مسلم خواتین کو روزگار سے مربوط کرنے کیلئے سلائی مشین تقسیم کی ہے۔ خواتین کو چاہیئے کہ پردہ میں رہتے ہوئے روزگار حاصل کریں۔ انہوں نے ریاستی وزیر اعلیٰ کی خوب ستائش کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر ہر طبقہ کی ترقی کیلئے منفرد اسکیمات روبہ عمل لارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت کے تین سالوں میں ریاست ہمہ گیر ترقی کی طرف رواں دواں ہے۔ جناب فاروق حسین نے کہا کہ ریاستی وزیر اعلیٰ اقلیتوں کو تعلیمی میدان میں آگے لانے کیلئے ریاست میں 204 اقامتی انگلش میڈیم مدارس قائم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب مسلمانوں کو شادی کیلئے ریاستی حکومت 75,116 روپئے جاری کئے جارہے ہیں۔ اس تقریب کو پدما دیویندر ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عنقریب محکمہ ڈی آر ڈی کی جانب سے میدک ٹاؤن میں خواتین کو ہنر مند بنانے کیلئے ٹیلرنگ مرکز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میدک میں مسلم لڑکیوں میں تعلیمی انقلاب لانے کیلئے اقامتی اسکول قائم کیا گیاہے۔ آئندہ سال میدک ٹاؤن میں بوائز کیلئے بھی ایک اقامتی اسکول قائم کیا جائے گا۔ پدما دیویندر ریڈی نے کہا کہ ماہ ڈسمبر تک ٹاؤن کے گھر گھر پانی کی سربراہی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ٹاؤن کو ماڈل ٹاؤن میں بدلنے کیلئے سڑکوں کی کشادگی کے کام جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹاؤن کی اندرونی سڑک بڑا بازار کو بھی کشادہ کیا جائے گا۔ پدما دیویندر ریڈی نے کہا کہ میدک ٹاؤن میں ایک کروڑ کی لاگت سے میناریٹی فنکشن ہال تعمیر کیا جارہا ہے۔ ٹاؤن کی عید گاہ کی ترقی کیلئے 10لاکھ کی اجرائی عمل میں آئی۔ جبکہ علحدہ طور پر مزید 10لاکھ کے مصارف سے مکمل احاطہ کی حصار بندی عمل میں آئے گی۔ اس تقریب میں کمشنر بلدیہ پرساد راؤ، تحصیلدار یادگیری، نائب صدر نشین راگی اشوک، بلدی کونسلرس مسرز ایم اے سلام، ایم اے حمید، سید صادق، چندراکلا، بٹی سلوچنا، گائتری، سدھاکر، وادھا گوئند، ایم لکشمی، دیواکر، مدھوسدن راؤ، دائرہ روی، آر کے سرینواس، انیل کمار، خواجہ سہیل محی الدین کے علاوہ ٹی آر ایس قائد مسٹر سکندر بھی موجود تھے۔