مسلم خاتون کے قتل کیس میںپیشرفت ۔ مقتولہ کی شناخت

حیدرآباد ۔ یکم ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : شہر بھر میں سنسنی پھیلانے والے مسلم خاتون کے قتل کیس میں پولیس کلثوم پورہ نے پیشرفت اختیار کرلی ہے ۔ یاد رہے کہ کل رات دیر گئے ضیا گوڑہ نئی روڈ پر ایک برقعہ پوش خاتون کا قتل کردیا گیا تھا ۔ نامعلوم افراد مسلم خاتون کا قتل کرنے کے بعد اس کی نعش کو پھینک کر فرار ہوگئے تھے ۔ پولیس نے اس خاتون کی شناخت زاہدہ بیگم کی حیثیت سے کرلی ہے جس کی عمر 39 سال بتائی گئی ہے ۔ خاتون یوسف نگر ٹپہ چبوترہ کے ساکن شخص محمد جہانگیر کی بیوی تھی ۔ کل رات لاری ڈرائیور نے جو نئی ضیا گوڑہ سڑک پر گاڑی میں بیٹھا تھا خاتون کی چیخ و پکار سنی اور ایک موٹر سیکل کو دیکھا جو سڑک پر تھی ۔ ڈرائیور نے چابی نکال لی اور سیل فون میں موٹر سیکل کی تصاویر حاصل کرلیں اور پولیس کو اطلاع دی گئی ۔ اطلاع کے ساتھ ہی پولیس نے چوکسی اختیار کرلی اور شہر میں طلایہ گردی میں اضافہ کردیا گیا تھا ۔ کلثوم پورہ کی حساس نوعیت کو دیکھتے ہوئے پولیس ٹپہ چبوترہ ، جھرہ ، کاروان ، دتاتریہ نگر ، لنگر حوض ، آصف نگر ، دیگر علاقوں میں چوکس ہوگئی تھی ۔ انسپکٹر کلثوم پورہ مسٹر شنکر نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا کہ زاہدہ بیگم نے اپنی ایک اراضی کو فروخت کیا تھا اور اس سے حاصل رقم کو فینانس پر دیا کرتی تھی اور خاتون 20 ہزار سے ایک لاکھ روپئے کم پر مشتمل رقم کو فینانس دیا کرتی تھی ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ رقمی لین دین کے معاملہ میں اس خاتون کا قتل کیا گیا ہوگا ۔ کلثوم پورہ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔