مسلم خاتون کی حاضردماغی سے ہندوستانی ٹرک ڈرائیور کی جان بچ گئی

دوبئی ۔ 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات میں ایک مسلم خاتون کی حاضردماغی کی وجہ سے ایک ٹرک ڈرائیور کی جان بچ گئی جس کا ٹرک سڑک حادثہ میں شعلہ پوش ہوگیا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق 22 سالہ جواہر سیف علی کومیتی اپنی ایک سہیلی کی عیادت کے بعد ہاسپٹل سے گھر لوٹ رہی تھی۔ یہ واقعہ راس الخیمہ میں رونما ہوا۔ ڈرائیورنگ کے دوران جواہر نے دیکھا کہ دو ٹرکس شعلہ پوش ہوگئے جہاں ٹرک میں پھنسا ہوا ڈرائیور مدد کیلئے چیخ رہا تھا۔ خاتون نے مقامی طور پر مسلم خواتین کے ذریعہ پہنا جانے والا لباس جسے ’’ابایا‘‘ کہا جاتا ہے، شعلوں پر مار مار کر ان کو بجھادیا۔ خاتون پہلے تو شعلہ پوش ٹرکس کو دیکھ کر گھبرا گئی لیکن بعدازاں ایک ٹرک ڈرائیور کو مدد کیلئے چیختے ہوئے دیکھنے پر بے چین ہوگئی اور ابایا کا استعمال کیا۔ اس طرح اس نے ٹرک ڈرائیور جس کا نام ہرکریت سنگھ بتایا گیا ہے، کی جان بچ گئی۔ اسی دوران پولیس اور ایمبولنس بھی وہاںپہنچ گئے اور زخمی ڈرائیور کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ جواہر سیف نے اس کے ساتھ سفر کررہی اپنی دیگر سہیلی کو حاضر دماغی کے ساتھ اس کا ابایا اتارنے کی درخواست کی اور فوری آگ بجھانے میں مصروف ہوگئی۔ اس موقع پر ابوظہبی میں واقع ہندوستانی سفارتخانہ جواہر سیف علی کومیتی کو تہنیت پیش کرے گا۔ ہندوستانی سفیر متعینہ امارات نودیپ سنگھ سوری نے یہ بات بتائی۔