مرکز سے نمائندگی میں چیف منسٹر ناکام ، فیاض احمد شمع صدر ’ جاوا ‘ کا بیان
عادل آباد ۔ 23 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : مسلم 12 فیصد تحفظات کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ریاستی حکومت کے خلاف بطور احتجاج 26 جون کو مستقر عادل آباد میں راستہ روکو منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ یہ بات مسٹر فیاض احمد شمع صدر ( جاوا ) جیون دان ویلفیر اسوسی ایشن تنظیم نے بتاتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ تلنگانہ ریاست میں اپنی حکومت قائم کرنے کی غرض انتخابات کے دوران مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات اندرون چار ماہ عمل میں لانے کا تیقن دے کر مسلمانوں کے ووٹ حاصل کئے تھے ۔ اب جب کہ چار سال کا عرصہ درکار ہورہا ہے ۔ لیکن 12 فیصد تحفظات کو عملی جامعہ پہنایا نہیں گیا ۔ 12 فیصد تحفظات کی فراہمی سے ہزاروں مسلمانوں کو ملازمتیں فراہم ہوسکتے تھے ۔ ریاستی اسمبلی میں 12 فیصد تحفظات کی منظوری کے بعد مرکزی حکومت سے منظوری دلانے میں چیف منسٹر ناکام ہوچکے ہیں ۔ انتخابات کے دوران چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ تھا کہ مرکزی حکومت 12 فیصد مسلم تحفظات بل کی منظوری میں تاخیر کرنے کی صورت میں دہلی کے جنترمنتر پر دھرنا منظم کیا جائے گا ۔ رمضان المبارک کے موقعہ پر غریب افراد میں ملبوسات کی تقسیم اور افطار پارٹی پر سخت تنقید کرتے ہوئے مسٹر فیاض احمد شمع نے کہا کہ جاریہ ماہ کی 26 تاریخ کو مستقر عادل آباد کے این ٹی آر چوک پر انسانی زنجیر کے ذریعہ دھرنا دیتے ہوئے راستہ روکو کیا جائے گا ۔ بعد ازاں آئندہ ماہ کی 2 تاریخ کو دفتر ضلع کلکٹریٹ کے روبرو بھوک ہڑتال غیر معینہ مدت کا اہتمام کیاجائے گا ۔ آخری مرحلہ کے طور پر سینکڑوں افراد کے ہمراہ عادل آباد تا حیدرآباد پیدل ( پدیاترا ) سفر براہ نظام آباد ، آرمور سے کریم نگر کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس احتجاج میں تمام سیاسی جماعتوں کی تائید حاصل رہے گی ۔ تحریک برائے مسلم تحفظات کے تحت جاری 12 فیصد تحفظات کو یقینی بنانے کی اس جدوجہد میں اردو میڈیم مدارس کے طلباء اور طالبات ، اساتذہ ، پرنسپل ، لکچررس ، مدارس کے بانی ، مسلم دوست افراد سے شرکت کی خواہش کی گئی ہے ۔ مستقر عادل آباد کے پریس کلب میں میڈیا سے مخاطب کے دوران مسٹر فیاض احمد شمع کے ہمراہ مسرس محمد انور ، عبدالعزیز ، وحید خاں ، شیخ حیدر ، محمد افسر ، عبدالرحیم بھی موجود تھے ۔ 2 جولائی کو بھوک ہڑتال کے افتتاحی تقریب میں مختلف سیاسی و سماجی قائدین کے علاوہ 12 فیصد مسلم تحفظات تحریک کے بانی مسٹر عامر علی خاں صاحب نیوز ایڈیٹر سیاست کی شرکت بھی متوقع تصور کی جارہی ہے ۔۔