تحصیلدار کو یادداشت، وعدہ کو پورا کرنے حکومت سے مطالبہ
ناگرکرنول 22؍ نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مائناریٹی سب پلان اینڈ ریزرویشن جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام بعد نماز جمعہ مسلمانوں کے لئے 12فیصد تحفظات کی فراہمی کے مطالبہ پر مشتمل ’’ دستخطی مہم ‘‘ کا شہر کی تمام مساجد میں انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس موقع پر مستقر کے جامع مسجد ، مسجدمحفوظ بن محفوظ، مسجد معراج اور مسجد قمرالنساء میں کمیٹی کے نمائندوں نے پروفارما پر مسلمانوں سے دستخط کروائے ۔اس موقع پر مستقر کے علاوہ منڈل تیلکا پلی،بجنا پلی، تاڈور پالم سے تعلق رکھنے والے ہزاروں کی تعداد میں مسلمانوں نے اپنے دستخط ثبت کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراوـ سے اپنے وعدے کو پورا کرتے ہوئے فوری مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات فراہم کرنے کا شدت سے مطالبہ کیا۔ اس موقع پر ایم ایس آر ایس کے نمائندے جناب وحید خان، محمد منور، یاحین، عمران خان کے علاوہ جناب شیخ فرید احمدفرید، مولانا سید بختیارالدین احمد، حافظ مجاہد موجود تھے۔اسی طرح ڈیویژن ناگرکرنول کے منڈل امرآباد میں بھی بعد نماز جمعہ مسلمانوں نے تحفظات کا مطالبہ کرتے ہوئے تحصیلدار کو یا دداشت پیش کی اس موقع پر مسلم مائناریٹی ویلفیر اسوسی ایشن کے ضلعی صدر رؤف خان نے خطاب کرتے ہو ئے انتخابات سے قبل کئے گئے مسلم تحفظات کے وعدے کو پورا کرنے میں چیف منسٹر ٹال مٹول سے کا م لے رہے ہیں۔اس موقع پرتنظیم کے منڈل صدرفیاض، منور علی نے حصہ لیا۔