مسلم اقلیتوں کی ترقی کیلئے حکومت سنجیدہ

کرنول 4اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)کرنول کے ایس وی کامپلکس کانفرنس ہال میں مسلم اقلیتوں کے مسائل اور اسکی یکسوئی کیلئے رکن اسمبلی کرنول ایس وی موہن ریڈی نے گول میز کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا ۔ اس موقع پر شہر بھر کے علماء ، دانشور طبقہ نے شرکت کی۔ ایس وی موہن ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم اقلیتوں کے ترقی کیلئے سنجیدگی سے کوشش کی جارہی ہے بالخصوص شہر میں حج ہاوز کا قیام ، پاسپورٹ آفیس کا قیام ، مینارٹی ہاسپٹل ، وغٰیرہ کیلئے بہت سارے لوگوں نے درخواستیں کی ہیں۔ اس کے متعلق اسمبلی میں ان چیزوں کو کرنول میں قائم کرنے کیلئے جستجو کی جائے گی۔ مزید انھوں نے کہا کہ مسلم اقلیتوں کی شادی کیلئے جو حکومت اجتماعی طو ر پر شادیاں کرواتی تھی۔ مسلم اقلیتیں اس میں حصہ نہیں لے پارہی ہیں۔ کیونکہ وہ اجتماعی طو ر پر مدد لینے سے گریز کررہے ہیں۔ لہذا غریب لڑکیوں کو شادی کیلئے حکومت کی جانب سے علیحدہ طور پر رقم منظور کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے۔ اتنا ہی نہیں رقم کو 25 ہزار سے بڑھا کر انتخابات کے موقع پر کئے گئے وعدہ کے مطابق 50 منظور کرنے کیلئے دبائو ڈالا جائیگا۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ جگن موہن ریڈی نے کرنول کے اقلیتوں کیلئے ایم ایل سی سیٹ دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن یہ وعدہ پورا نہیں ہوسکا کیونکہ جگن موہن ریڈی اقتدار میں نہیں آئے۔اس موقع پر پبلیشر بزم آئینہ سید قدرت اللہ قادری، مولانا عبدالماجد ، مولانا عبدالزبیر احمد خان ، الیاس ، حسین ، اڈوکیٹ چاند باشاہ اراکین جامعہ قمرالھدیٰ ایجوکیشنل سوسائٹی، وغیرہ شریک رہے ۔