مسلمان پھندے میں نہ پھنسیں : جے ڈی یو

نئی دہلی 26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی ے سینئر قائد اعظم خان کے تاج محل کو وقف بورڈ کے حوالہ کردینے کے مطالبہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جنتادل (یو) نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اِس پھندے میں نہ پھنسیں جس سے بی جے پی کو مذہبی خطوط پر ووٹوں کی صف بندی کرنے کا موقع مل جائے۔ جے ڈی (یو) کے رکن پارلیمنٹ علی انور انصاری نے کہاکہ تاج محل مسجد نہیں تھی اور نہ شاہجہاں کی ذاتی دولت سے تعمیر کی گئی تھی بلکہ یہ سرکاری رقم تھی۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ قومی خزانہ تھا۔ یہ کسی فرد یا کسی مذہب کی ملکیت نہیں تھی اِس لئے عوام کو ایسے پھندوں میں نہیں پھنسنا چاہئے۔