رامپور 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )سماجوادی پارٹی لیڈر اعظم خاں نے آج مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ متحد ہوجائیںتا کہ فرقہ پرستوں اور فاشسٹ طاقتوں کا سامنا پوری قوت سے کیا جاسکے ۔ ان طاقتوں کا شکار ہونے کے بجائے ہم انہیں سبق سکھائیں۔ اپنی جذباتی تقریر میں اعظم خاں نے جلسہ گاہ میں شریک عوام سے مخاطب ہوکر کہا کہ مسلمانوں نے آخر کیا جرم کیا ہے ،انہیں کیوں نشانہ بنایا جاتا ہے ۔ گجرات اور مظفر نگر میں انہیں چُن چُن کر کیوں ہلاک کیا گیا ۔ اس لئے آپ کو از خود متحد ہونا چاہئے اور ہمیں یہ محسوس کرنا چاہئے کہ ہم ملک کی جملہ آبادی کا بہت بڑا حصہ ہیں۔
امیٹھی میں گاندھی خاندان نے ترقیاتی کام نہیں کئے : سمرتی ایرانی
امیٹھی ۔ 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امیٹھی سے بی جے پی امیدوار سمرتی ایرانی نے آج متعدد جذباتی معاملات کو سیاسی رنگ دینے اور اس حلقہ میں ترقیاتی کاموں کو نظرانداز کردینے کا گاندھی خاندان کو موردالزام ٹھہرایا۔ جائس، بہادرپور اور موہن گنج علاقوں میں متعدد نکڑ سبھاؤں اور روڈ شوز کے دوران اپنے خطاب میں سمرتی ایرانی نے کہا کہ گاندھی خاندان نے ہمیشہ جذباتی معاملات پر بھی سیاست کی اور اس حلقہ کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی اور آج یہ حال ہیکہ تقریباً 40 فیصد عوام خط غربت کی سطح سے نیچے زندگی گذار رہے ہیں جس کے کانگریس اور راہول گاندھی ذمہ دار ہیں۔ بدعنوانیوں اور افراط زر سے ہر ایک کو مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی برسراقتدار آئی تو وہ اس حلقہ میں ایسے کام انجام دے گی جو گذشتہ 60 سال میں کانگریس اور راہول گاندھی انجام نہیں دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ امیٹھی میں مبینہ طور پر کسانوں سے اراضیات حاصل کرکے وہاں صنعتیں قائم کی گئیں لیکن عوام کو ملازمتیں نہیں دی گئیں۔