مسلمان جھوٹی خبروں اور فرضی تجزیوں پر یقین نہ کریں : امام کعبہ

مکہ مکرمہ ۔ 8 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : امام و خطیب مسجد الحرام شیخ ڈاکٹر اسامہ خیاط نے فرزندان اسلام سے کہا کہ وہ جھوٹی خبروں اور فرضی تجزیوں پر یقین نہ کریں ۔ اسلام کی سلامتی اس میں مضمر ہے کہ مسلمان اپنے مذہب سے اٹوٹ وابستہ ہوں اپنے ایمان و یقین کو درست رکھنے کا اہتمام کریں ۔ امام کعبہ کا یہ خطبہ ہندوستان کی موجودہ صورتحال اور ہندوستانی مسلمانوں کے مستقبل کے تعلق سے پھیلائے جانے والی گمراہ کن غیر یقینی کیفیت کے تناظر میں اہمیت رکھتا ہے ۔ امام کعبہ نے مزید کہا کہ انسان کے ہوش مند اور صاحب فراست ہونے کا عملی ثبوت یہی ہے کہ وہ ایمان پر کامل ایقان رکھے ۔ مسلمانان عالم کو فضول باتوں کے چکر میں نہیں پڑنا چاہئے ۔ باطل کو حق ثابت کرنے کی بھی جرات نہ کریں ۔ نہ خود فریب ذات میں مبتلا ہوجائیں اور نہ ہی دوسروں کو فریب کے بھنور میں پھنسائیں ۔ انسان کو اپنے دل کی اصلاح اپنے نفس کے تزکیہ اور اپنوں کو فائدہ پہونچانے والی باتیں کرتے ہوئے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرنا چاہئے اپنے ملک اور امت مسلمہ کی سربلندی کو اپنا شیوہ بنانا ہی مسلمانوں کی پہچان ہے ۔۔