مسلمان تعلیم پر توجہ دیں:سلمان خورشید

جے پور، 30اپریل (سیاست ڈاٹ نیوز)مسلمانوں کو موجودہ چیلنج کا مقا بلہ تعلیم سے کرنے پر زور دیتے ہوئے سابق وزیر خارجہ اور اقلیتی امورکے سابق مرکزی وزیر مسٹر سلمان خورشید نے کہاکہ وہی قوم اپنا وجود برقرار رکھتی ہے جو تعلیم کے راستے کو اختیار کرتی ہے ۔ یہ بات آج یہاں ابوبکر صدیق بپلک اسکول کے افتتاحی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے آج کے حالات میں توازن کے ساتھ آگے بڑھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ خوشی کی بات ہے کہ اس اسکول میں تینوں زبان عربی، اردو اور انگریزی پر یکساں زور دیا جارہاہے اور اس سے عصری اور دینی تعلیم کے درمیان جو دوری ہے اسے دور کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے مولانا فضل الرحیم مجددی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ انہوں نے دو سال قبل جے پور میں ہر سال اسکول کھولنے کا وعدہ کیا تھا اسے پورا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام میں کام کو عبادت کا درجہ دیا گیا ہے اس لئے آپ حضرات تعلیمی کام کو بھی عبادت کا درجہ دیں۔ انہوں نے مولانا مجددی کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ جو چراغ آپ نے یہاں جلایا ہے وہ پورے ہندوستان میں جلے گا۔جامعتہ الہدایہ جے پور کے امیر اور مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری مولانا فضل الرحیم مجددی نے کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ قوم کی ترقی کا دارومدار تعلیم پر ہے اوروہی قوم اس دنیا میں آگے بڑھے گی جو تعلیم یافتہ ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ مسلمان ہندوستان میں دلتوں سے بدتر اس لئے ہیں کیوں کہ وہ تعلیمی میدان میں پسماندہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ تعلیم کے میدان میں مسلمان سب سے پچھڑے ہوئے ہیں جس کا ثبوت سچر کمیٹی کی رپورٹ ہے ۔ انہوں نے سچر کمیٹی کی رپورٹ کو سوشل بائبل قرار دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ مسلمانوں کے پسماندہ ہونے کا جو رجحان ہے وہ آنے والے وقت میں بدتر ہوجائے گا۔