مسلمان ، دغا باز ٹی آر ایس کو دفن کردیں : عبداللہ سہیل

مجلس ، دھوکہ بازوں اور فرقہ پرستوں کی حلیف ، تھوڑی سی غفلت سے آئندہ 5 سال برباد ہوجائیں گے
٭ کانگریس حکومت کے قیام پر اقلیتوں سے انصاف ہوگا : ساجد خاں
٭ عادل آباد میں ریاستی صدر کانگریس اقلیتی سیل کا زبردست خیر مقدم

عادل آباد ۔ 3 ۔ نومبر : ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل نے 12 فیصد مسلم تحفظات کے معاملے میں دغا بازی کرنے والے کارگزار چیف منسٹر کے سی آر کی پارٹی ٹی آر ایس کو دفن کردینے کی مسلمانوں سے اپیل کی ۔ اسد الدین اویسی پر مسلمانوں کے سروں کی سودے بازی کرتے ہوئے سیاسی دوکان چمکانے کا الزام عائد کیا ۔ صدر عادل آباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ ساجد خاں کی قیادت میں صدر نامزد ہو کر پہلی مرتبہ عادل آباد پہنچنے والے شیخ عبداللہ سہیل کا شاندار خیر مقدم کیا گیا ۔ موٹر سیکل ریالی کو بجرنگ فنکشن ہال میں منعقدہ جلسہ تک پہنچایا گیا ۔ اس اجلاس میں اقلیتوں کے مسائل کا جائزہ لینے کے بعد کانگریس کے سینکڑوں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ ملک اور تلنگانہ کئی چیلنجس سے گذر رہا ہے ۔ مرکز میں مودی اور تلنگانہ میں کے سی آر چیف منسٹر بننے کے بعد حالت نازک ہوگئے ۔ دستور ، جمہوریت اور سیکولرازم خطرے میں پڑ گئے ہیں ۔ دستوری اداروں میں غیر ضروری مداخلت کرتے ہوئے اس کو بے جان بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ملک میں کانگریس واحد جماعت ہے جو فرقہ پرست جماعتوں کے خلاف چٹان بنی ہوئی ہے ۔ آئندہ انتخابات مسلمانوں کے لیے بہت بڑا امتحان ہے ۔ تھوڑی سی غفلت سے آئندہ مزید 5 سال برباد ہوجائیں گے ۔ لہذا مسلمان جوش سے نہیں بلکہ ہوش سے کام کریں ۔ ضلع عادل آباد کے 10 اسمبلی حلقوں پر کانگریس اور عظیم اتحاد کے امیدواروں کو کامیاب بنانے ٹی آر ایس کو دفن کردینے کی اپیل کی ۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ کے سی آر نے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کے نام پر دھوکہ دیا ہے ۔ اب مسلمانوں کو بھی ٹی آر ایس کو سبق سکھانے کا وقت آیا ہے ۔ اس کو ضائع نہ کریں انہوں نے مجلس کو دھوکہ بازوں اور فرقہ پرستوں کی حلیف قرار دیا ۔ مسلمانوں کے سروں کی سودے بازی کرتے ہوئے اپنی سیاسی دوکان چمکانے کا الزام عائد کیا ۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کے سی آر کو مودی کا ایجنٹ قرار دیا ۔ صدر ضلع کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ ساجد خاں نے امید کا اظہار کیا کہ آئندہ انتخابات کے بعد 12 دسمبر کو تلنگانہ میں کانگریس کی حکومت قائم ہوگی اور اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے مسائل حل ہوں گے ۔ انہوں نے کانگریس کی جانب سے اقلیتی سب پلان کا اعلان کرنے کا خیر مقدم کیا ۔ کانگریس پارٹی میں ٹکٹوں کی تقسیم اور تنظیمی سطح پر مسلمانوں سے انصاف کرنے پر زور دیا ۔ اس موقع پر تلنگانہ اقلیت ڈپارٹمنٹ انچارج اکرم احمد ، کانگریس کے قائدین ایم اے شکیل ، عبدالقیوم ، شکیل احمد ، کلیم احمد جابر ، یونس ، نور خاں ، محمد مرتضیٰ ، محمد صادق کے علاوہ کانگریس کے دوسرے قائدین بھی موجود تھے ۔۔