کریم نگر ۔26ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ٹی آرایس رکن پارلیمنٹ کریم نگر بی ونود کمار ضلع کریم نگر کے مسلم اقلیتوں کے اہم مسائل کی یکسوئی کیلئے برسرموقع اپنی جانب سے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دیتے ہوئے حقیقی مسلم دوستی کا ثبوت دے رہے ہیں اور انتخابات کے موقع پر مسلمانوں سے کئے گئے وعدوں کی ترجیحی بنیاد پر عمل آوری کیلئے کوشاں ہیں ۔ جنرل سکریٹری مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کریم نگر محمد ظہور خالد نے آج کریم نگر میں منعقدہ کُل جماعتی صحافتی کانفرنس میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکردہ مسلم نمائندوں کی جانب سے حال ہی میں رکن پارلیمنٹ ونود کمار سے ضلع کریم نگر میں واقع سرکاری اردو میڈیم اسکولس کے معیار تعلیم میں اضافہ کیلئے سال 2014-15ء کیلئے جملہ 86 اردو اکیڈیمک انسٹرکٹرس کی جائیدادوں کی منظوری کا مطالبہ کیا جس کے ساتھ ہی معزز رکن پارلیمنٹ نے ریاستی کمشنر ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشنل جگدیشور کومراسلہ نمبر MPKNR/35/2014 کے ذریعہ منظورشدہ 35 جائیدادوں کو ناکافی قرار دیتے ہوئے بلاتاخیر سال گذشتہ کی طرح مزید 52اردو اکیڈیمک انسٹرکٹرس کی منظوری کی ہدایت دی ۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ ضلع کریم نگر کے جگتیال میں مائناریٹی اقامتی اسکول کی منظورہ اراضی پر عمارت کی تعمیر اور اسکول کے آغاز کیلئے بلاتاخیر منظور کا مطالبہ کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ ونود کمار کو تحریری یادداشت پیش کرنے پر ایم پی نے پرنسپل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود احمد ندیم کو تحریری مراسلہ کے ذیرعہ احکامات جاری کرنے کی ہدایت دی ۔ اس کے علاوہ ضلع کریم نگر میں شادی مبارک اسکیم کے تحت سال 2014 کیلئے صرف 230 شادیوں کی منظوری کو ناکافی قرار دیتے ہوئے 300مستحق مسلم لڑکیوں کیشادی کیلئے بجٹ کی منظوری کی پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود کو تجویز روانہ کی نیز اضلاع کے طلبہ کی تعلیم کی ترقی کیلئے حیدرآباد میں معیاری اسٹیڈی سنٹر کی منظوری کا رکن پارلیمنٹ سے مطالبہ پر موصوف نے اپنے مراسلہ نمبر MP/KNR/33/2014 کے ذریعہ پرنسپال سکریٹری کو اپنی تجویز روانہ کردی ۔ظہور خالد نے کہا کہ اجتماعی طور پر مسلم نمائندہ تنظیموں کے ذمہ دار وقتاً فوقتاً مسلمانوں کے اہم مسائل کی نمائندگی کرتے رہیں تو یقیناً یہ مسائل اور دیگر مسلمانوں کے اہم پراجکٹس کی تکمیل ہوسکے گی ۔اس پریس کانفرنس کو نائب صدر مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کریم نگر محمد اختر علی نے مخاطب کرتے ہوئے ٹی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ کی مسلم دوستی کی ستائش کی اور مطالبہ کیا کہ مسلم گرلز ہاسٹل کریم نگر میں مزید 50بستروں کی منظوری دیتے ہوئے بنیادی سہولیات کا انتظام کریں ۔ انہوں نے کہاکہ رکن پارلیمنٹ کریم نگر ونود کمار کو ضلع کریم نگر میں شادی مبارک اسکیم کے تحت صرف 230شادیوں کی منظور کو ناکافی قرار دیتے ہوئے 300 غریب مسلم لڑکیوں کی سال 2014ء میں شادیوں کی منظوری کا مطالبہ کرتے ہوئے تحریری یادداشت پیش کی گئی ۔