ممبئی ۔ 23 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا قائد رام داس کوم کے خلاف دو روز قبل ایک انتخابی ریالی میں مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز بیان دینے پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔ این ڈی اے کی ریالی باندرہ ۔ کرلا کامپلکس میں منعقد کی گئی تھی جہاں بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کے خطاب سے قبل رام داس کدم نے 1993 ء کے ممبئی فسادات کا تذکرہ بھی کیا اور یہ بھی کہا کہ پاکستانیوں نے جہاں ہندوستانی فوجیوں کے سرقلم کئے وہیں ہندوستانی وزیراعظم نے کچھ نہیں کیا ۔ کدم نے کہا کہ نریندر مودی کے وزیراعظم بننے کے بعد وہ (مودی) اندرون چھ ماہ پاکستان کو صفحہ ہستی سے مٹادیں گے ۔ انہوں نے 2012 ء میں ممبئی کے آزاد میدان میں ہوئی گڑبڑ کا تذکرہ بھی کیا اور کہا کہ مسلمان فسادیوں نے مبینہ طور پر پولیس سے جھڑپ کے دوران پولیس گاڑیوں کو جلایا ، شہیدوں کے مجسموں کو نقصان پہنچایا اور خاتون کانسٹبلس کے ساتھ بدتمیزی کی ۔ مودی کے وزیراعظم بننے کے بعد موصوف اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ آئندہ اس نوعیت کے واقعات میں ملوث افراد کو ضرور بہ ضرور سزا ہو ۔ یاد رہے کہ کدم کے اس بیان سے شیوسینا نے یہ کہہ کر لاتعلقی کا اظہار کیا ہے کہ وہ ان کے شخصی ریمارکس ہیں۔
جام نگر میں چچا ۔ بھتیجی کے درمیان مقابلہ
جام نگر (گجرات) ۔ 23 ۔اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جام نگر لوک سبھا نشست پر اب کی بار دلچسپ مقابلہ متوقع ہے جہاں موجودہ ایم پی وکرم مادام جو کانگریس کے ٹکٹ پر انتخابی میدان میں ہیں، کو خود ان کی بھتیجی پونم مادام سے مقابلہ درپیش ہے جو بی جے پی کے ٹکٹ پر قسمت آزمائی کر رہی ہیں۔ وکرم مادام دوبار ایم پی رہ چکے ہیں اور اب تیسری بار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے پہلی بار 2004 ء میں بی جے پی کے پانچ بار ایم پی رہ چکے چندریش کوراڈیا کو شکست دی تھی ۔ دوسری طرف 39 سالہ پونم مادام جو جام نگر شہر کے پہلے میئر اور کھمیالیہ اسمبلی نشست سے چھ بار ایم ایل اے رہ چکے ہیمنت مادام کی دختر ہیں۔ جب پونم کو ان کے والد کی روایتی نشست پر مقابلہ کیلئے ٹکٹ نہیں دیا گیا تو انہوں نے پا رٹی چھوڑدی تھی اور اس کے بعد بی جے پی نے انہیں ٹکٹ دیا تھا اور وہ کامیاب ہوئی تھیں۔