مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے لئے ٹھوس اقدامات

ورنگل میں ٹی آر ایس اقلیتی قائد محمد نعیم الدین کا خطاب
ورنگل /2 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حکمراں ٹی آر ایس تلنگانہ کے مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ رمضان میں مساجد کی آہک پاشی، شادی مبارک اسکیم کے تحت غریب مسلم لڑکیوں کو 51 ہزار کی مالی امداد کے علاوہ عنقریب اقلیتی مالیاتی کاپوریشن کی جانب سے بیروزگار نوجوانوں کو امداد فراہم کرنے کے اقدامات بھی کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد نعیم الدین صدر ڈسٹرکٹ ٹی آر ایس اقلیتی سیل ورنگل نے مسجد ہدایت علی شاہ محلہ مولا علی ورنگل میں صدر مسجد کمیٹی و متولی کو حکومت کی جانب سے مالی امداد کا چیک حوالے کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر مسجد کمیٹی جناب محمد امجد علی شاہ وحدتی، محمد خواجہ پاشاہ، حافظ سلیمان، ٹی آر ایس اقلیتی قائدین محمد حبیب خاں، شیخ احمد مسیح الدین، محمد خلیل، یوسف خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ محمد نعیم الدین نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے رمضان المبارک میں ورنگل کی 314 مساجد کو مالی امداد دی گئی، جس کے چیکس مساجد کمیٹیوں کے ذمہ داروں کے حوالے کئے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت اقلیتی طبقہ کی غریب لڑکیوں کی شادیوں میں مالی امداد کے طورپر شادی مبارک اسکیم کے تحت ہر لڑکی کو 51 ہزار روپئے امداد دی جائے گی، اس کے لئے درخواستیں آن لائن یا دفتر اقلیتی بہبود پر داخل کی جاسکتی ہیں۔ انھوں نے مسلمانوں کو مشورہ دیا کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ اسکیم سے استفادہ کریں، جس کے لئے غریب عوام میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ اقلیتی قائدین کو چاہئے کہ اپنے اپنے محلوں کے غریب مسلم خاندانوں کو اس اسکیم سے استفادہ کے لئے رہنمائی کریں۔