مسلمانوں کی جامع ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات ضروری

محبوب نگر میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی سے مسلم لیگ کی نمائندگی
محبوب نگر۔/27جون، ( فیکس ) نائب وزیر اعلیٰ تلنگانہ محمد محمود علی کے دورہ محبوب نگر کے موقع پر مرزا قدوس بیگ ریاستی خازن انڈین یونین مسلم لیگ نے ملاقات کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت تلنگانہ اقلیتی بہبود خاص کر مسلمانوں کی ترقی کیلئے جامع اور ٹھوس اقدامات کرتے ہوئے مسلمانوںکو زندگی کے ہر شعبہ میں ترقی دیں تاکہ مسلمان دیگر طبقات کے ساتھ شانہ بہ شانہ چل سکیں۔ تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست کے مسلمانوں کی بیروزگاری میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اسکیمات پر عمل آوری صفر کے برابر ہے۔ مزید بتایا کہ طالب علموں کو ریاستی تعلیمی اسکالر شپ کی رقم میں اضافہ کرتے ہوئے بہتر سے بہتر تعلیمی سہولتیں فراہم کریں۔ اردو میڈیم مدارس و کالجس بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ تلگو میڈیم کے مقابلے میں اردو میڈیم ادارے حکومت کے سوتیلے رویہ کا شکار ہیں۔ بے شمار مدارس کالجس بغیر اساتذہ، لکچررس کے چلائے جارہے ہیں۔ تلگو زبان کی ترقی حکومت کے پیش نظر ہے جبکہ اردو زبان مکمل نظرانداز کی جارہی ہے اور سچر کمیٹی کی سفارشات پر عمل آوری کے نام پر چلائی جارہی وزیر اعظم پندرہ نکاتی پروگرام برائے اقلیتی بہبود ڈپارٹمنٹ تلنگانہ میں دو سال سے ابھی تک کسی بھی قسم کی میٹنگ تک منعقد کی گئی اور کسی بھی ضلع میں اور کسی بھی اسکیم میں مسلمانوں کو ان کے جائز حق سے مستفید ہونا جوئے شیر لانے کے برابر ہے۔مسلم لیگ مطالبہ کرتی ہے کہ ریاست کے مسلمانوں کے تمام طبقات بشمول سید، مغل، پٹھان 12فیصد تحفظات دیتے ہوئے مسلمانوں کی پسماندگی کو دور کریں۔ اس ملاقات میں مسلم لیگ کے ضلعی قائدین محمد عبدالقادر، محمد احمد، محمد منہاج، محمد یوسف شامل تھے۔