ٹرینٹن۔22 فروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی جج نے مسلمانوں کی جاسوسی کو آئین کا حصہ قرار دے دیا۔نیوجرسی میں رہنے والے مسلمانوں کی بڑی تعداد نے پولیس کی جانب سے بے بنیاد نگرانی کے خلاف عدالت میں درخواست داخل کی تھی جہاں ڈسٹرکٹ جج ولیم مارٹینی نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے مسلمانوں کی جاسوسی کو آئین کے مطابق قرار دیا ہے۔فیڈرل جج نے کہا ہے کہ مسلمانوں کی جاسوسی انسداد دہشت گردی کے پروگرام کی روشنی اور ملکی مفاد میں کی جاتی ہے۔ نیوجرسی کے مسلمان عدالتی فیصلے کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ مسلمانوں کا کہنا ہے کہ مساجد، دینی مدارس، کاروباری مراکز اور تعلیمی اداروں میں مسلمانوں کی کڑی نگرانی سے ان کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے۔
مسلمان مردوں کے ریشمی لباس پہننے پر فتویٰ طلب
کولا لمپور ۔22 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیا میں مسلمانوں کے ایک گروپ نے مردوں کے ریشمی کپڑے پہننے کو قیامت کی نشانی قرار دیا ہے جس کے بعد اس حوالے سے علماء سے فتویٰ طلب کر لیا گیا ہے۔مسلم کنزیومر اسوسی ایشن آف ملائیشیاکے بموجب اسلامی تعلیمات کے مطابق مردوں کے ریشمی لباس پہننے کی ممانعت ہے اور اسے قیامت کی نشانی قرار دیا گیا ہے کہ مرد اس وقت خالص ریشمی لباس پہننا شروع کر دیں گے۔ دوسری جانب ملائیشیا میں انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم پرکیسا نے اس حوالے سے نیشنل فتویٰ کونسل سے رابطہ کرلیا ہے تاکہ اس معاملے میں موجود ہ صورتحال کو دور کیا جاسکے۔