سدی پیٹ ۔ 9۔ جون ( ای میل) تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کے سینئر اقلیتی قائد جناب محمد عبدالوحید نے ریاستی وزیر آبپاشی مارکیٹنگ و امور مقننہ مسٹر ٹی ہریش راو سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں اقلیتوں کے مسائل کی یکسوئی اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے نمائندگی کی اور اقلیتوں بالخصوص مسلم تعلیم یافتہ نوجوانوں کو سرکاری محکمہ جات میں ملازمتوں کی فراہمی پر زور دیا ۔جناب محمد عبدالوحید جو مسٹر ہریش راو کے قریبی رفقاء میں شمار کئے جاتے ہیں کہا کہ سابقہ حکومتوں نے تلنگانہ کے مسلمانوں کے ساتھ ہر شعبہ میں ناانصافیاں کی ہیں انہوں نے ریاستی وزیر سے اضلاع تعلقہ جات میں اردو مشاعروں کے انعقاد اقلیتی مالیاتی کارپوریشن سے مسلم بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی ، بیوہ اور معمرین کیلئے ماہانہ وظیفہ میں بھی اضافہ کی نمائندگی کی انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے کئی تعلقہ جات اور دیہاتوں میں مسلمان سطح غربت سے بھی نچلی زندگی گذار رہے ہیں ان کی گذر بسر کیلئے موثر اقدامات کرنے پر بھی زور دیا انہوں نے ملک الشعراء کے اعزاز کو بحال کرنے کے ساتھ ساتھ تلنگانہ کے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور سدی پیٹ کو ترقی دینے پر بھی بات چیت کی جس پر مسٹر ہریش راو نے ان کی نمائندگی پر سنجیدگی سے غور کرنے اور اس پر جلد از جلد عمل آوری کا تیقن دیا ۔