مسلمانوں کی ترقی کیلئے آئندہ بھی موثر اقدامات کا تیقن

کانگریسی امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل ، کاماریڈی میں ایم ایل سی محمد علی شبیر کا خطاب

کاماریڈی:27؍ مارچ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سابق ریاستی وزیر محمد علی شبیر نے آج کاماریڈی کے بلدی انتخابات میں کانگریس امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے کہا کہ کانگریسی امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں تاکہ وارڈوں میں بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں آسانی ہوسکے ۔ مسٹر محمد علی شبیر نے آج حیدرآباد سے کاماریڈی پہنچ کر وارڈ نمبر 1,2,3,4,5اور دیگر وارڈوں میں کانگریسی امیدوار محمد جمیل، کے گنیش، فیروز سلطانہ ،پدما گوڑ، شوبھا گوڑکے انتخابی جلسوں سے مخاطب کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ گذشتہ کئی سالوں سے بلدیہ کاماریڈی کے وارڈوں میں بنیادی سہولتیں فراہم کرنے اور کاماریڈی کی عوام کو آبی سہولت فراہم کرنے کی غرض سے 240 کروڑ روپئے خرچ کرتے ہوئے گوداوری کا پانی سربراہ کیا جارہا ہے کانگریس کے دور حکومت میں کئی ترقیاتی کام انجام دئے گئے جس کی ماضی میں نظر نہیں ملتی انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی کاماریڈی گمپا گوردھن بلدیہ کاماریڈی کے ترقیاتی کاموں کو نظر انداز کردیا اور ایک دن بھی اس کا جائزہ لینا بھی مناسب نہیں سمجھا جبکہ کاماریڈی کے نواحی علاقہ، سیلانی بابا کالونی بنیادی سہولتیں فراہم کرتے ہوئے کروڑہا روپئے خرچ کرتے ہوئے سڑکوں کی تعمیر کے علاوہ پینے کے پانی کے پائپ لائن کی تنصیب عمل میں لائی گئی اور گھر گھر کو شفاف پینے کا پانی پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ مسٹر محمد علی شبیر نے قدیم بس اسٹانڈ کے وارڈ نمبر 2,3,4,5 کے علاقوں میں بھی پدیاترا کرتے ہوئے گروپ میٹنگ کو بھی مخاطب کیا اور اقلیتوں کو کانگریس حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی معاشی اور تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے کی غرض سے تحفظات فراہم کئے گئے اور آئندہ بھی کئی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ہمیشہ مسلمانوں کی ترقی اور فلاح بہبودی کے بارے میں سنجیدہ اقدامات کرتے ہوئے آرہی ہے لہذا اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ اس علاقہ میں تمام کانگریسی امیدواروں کو کامیاب بناتے ہوئے بلدیہ کاماریڈی میں کانگریس کا قبضہ برقرار رکھنے کی خواہش کی ۔ مسٹر شبیر نے کہا کہ گذشتہ عام انتخابات میں ناکامی کے باوجود بھی کروڑہا روپئے سے ترقیاتی کام کو جاری رکھے گئے ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔ اس موقع پر ضلع وقف کمیٹی کے نائب صدر سید انور احمد، صدر مدینہ مسجد محمد خواجہ علی کے علاوہ فرزند محمدعلی شبیر محمد الیاس، صدر کانگریس کے سرینواس رائو، کانگریس قائدین وینوگوپال گوڑ، ہری کشن گوڑ، رام کمار گوڑکے علاوہ دیگر کانگریسی قائدین بھی موجود تھے ۔