اقلیتی اسکول ظہیرآباد میں ہریتا ہرم پروگرام سے ایم ایل سی فریدالدین کا خطاب
ظہیرآباد 26 اگسٹ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن ریاستی قانون ساز کونسل محمد فریدالدین نے یہاں کے جی بی وی مائناریٹی اسکول ہوتی کے ظہیرآباد میں منعقدہ ہریتا ہرم پروگرام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریاستی حکومت مسلمانوں کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ انھیں زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے ریاست بھر میں 206 ریزیڈنشیل اسکولس کا قیام عمل میں لایا ہے۔ جہاں مفت تعلیم کے ساتھ قیام و طعام اور دیگر ضروری اشیاء بھی مفت سربراہ کی جاتی ہیں۔ انھوں نے کہاکہ مسلمان دیگر طبقات کے مقابلے میں کمزور ہیں اور یہ کمزوری محض تعلیم سے دوری کی وجہ سے ہے۔ اگر وہ زیور تعلیم سے آراستہ ہوجائیں تو ترقی کی منازل طے کرنا ان کے لئے آسان ہوجائے گا۔ انھوں نے مذکورہ اسکول کی طالبات کو سخت محنت اور سچی لگن کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کا مشورہ دیا اور کہاکہ وہ اگر اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں تو حکومت ان کی ہر طرح سے مدد کے لئے تیار ہے حتیٰ کہ بیرون ملک حصول تعلیم کے لئے تمام سہولتیں بھی پہنچا سکتی ہے۔ انھوں نے پروگرام کے اختتام پر ریاستی حکومت کی فراہم کردہ 13 اشیاء پر مشتمل ہیلت کٹس بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر دیگر سرکردہ قائدین چرنجیوی پرساد، کشن پوار، کے مانک راؤ، اے ویجناتھ اور سرکاری عہدیداروں کے بشمول اسکول کے اساتذہ اور طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔