رامپور 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) راہول گاندھی پر تنقید کرتے ہوئے یوپی کے وزیر اعظم خان نے کہاکہ مؤثر انداز میں مسلمانوں کی پسماندگی کے مسئلہ کی یکسوئی کرنے کے بجائے کانگریس کے قائد ہم جنس پرست طبقہ کی فلاح و بہبود پر توجہ دے رہے ہیں۔ نائب صدر کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی قائد نے کہاکہ راہول گاندھی نے مظفر نگر کے راحت رسانی کیمپوں میں مقیم متاثرین فسادات کی کوئی مدد نہیں کی۔ اعظم ترین فرقہ وارانہ فسادات کانگریس دور حکومت میں ہوئے ہیں اور سب سے زیادہ تباہ مسلمان ہی ہوئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ انسداد فرقہ وارانہ تشدد بل کی منظوری کے سلسلہ میں کیا کانگریس سنجیدہ ہے اور کیا یہ قانون فرقہ پرستی سے جنگ کرنے کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے جاٹوں کو تحفظات فراہم کرنے کے یو پی اے حکومت کے اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ جاٹوں کی بہ نسبت مسلمانوں کی حالت زیادہ ابتر ہے بلکہ دلتوں سے بھی بدتر ہے۔