مسلمانوں کیلئے 12 فیصد تحفظات پر عنقریب عمل آوری

جڑچرلہ /30 ڈسمبر ( راست ) مسٹر سی لکشما ریڈی ، ریاستی وزیر برقی توانائی حکومت تلنگانہ کا وزارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ جڑچرلہ آمد پر عوام اور مختلف تنظیموں کی جانب سے پُرتپاک استقبال کیا گیا ۔ اس موقع پر مسلم ریزرویشن فرنٹ کے ریاستی صدر محمد افتخار الدین احمد ایڈوکیٹ ہائی کورٹ کے علاوہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے مقامی قائیدن محمد مسیح الدین ، محمد علی دانش ، سلطان چشتی ، محمد یوسف ، چاند خان ، محمد حفیظ ، ابراہیم کے علاوہ مسلم ریزرویشن فرنٹ ضلع محبوب نگر کے جنرل سکریٹری محمد انور حسین سکریٹری میر شعیب علی و دیگر مسلم قائدین نے ریاستی وزیر مسٹر سی لکشما ریڈی کو تہنیت پیش کی ۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے حکومت کی جانب سے غریب مسلم لڑکیوں کی شادی کیلئے ’’ شادی مبارک اسکیم ‘‘ سے متعلق عوام میں شعور بیداری کے لئے مسلم ریزرویشن فرنٹ کی جانب سے طبع کردہ وال پوسٹرس اور پمفلٹس کا رسم اجراء انجام دیا۔ وزیر موصوف نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی مسٹر کے چندر شیکھر راؤ مسلمانوں کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ۔ جاریہ مالی سال میں اقلیتوں کے فلاح و بہبود کیلئے 1036 کروڑ روپئے کی خطیر رقم کو مختص کی گئی ۔ ’’ شادی مبارک اسکیم ‘‘ کیلئے 100 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ غریب و نادار مسلم خاندانوں میں لڑکیوں کی شادی ایک بڑا مسئلہ بن کر رہ گیا تھا ۔ حکومت تلنگانہ لڑکی کے اکاونٹ میں راست 51,000 روپئے جمع کرے گی ۔ ہندوستان کی آزادی سے لیکر اب تک ایسی اسکیم مسلمانوں کیلئے کسی بھی ریاست کی حکومت نے پیش نہیں کی ۔ انہوں نے مسلم ریزرویشن فرنٹ کی جانب سے اس سلسلہ میں چلائی جارہی شعور بیداری مہم کی ستائش کی اور اپیل کی کہ مستحق مسلمان جن کی سالانہ آمدنی دو لاکھ روپیوں سے کم ہو اس اسکیم سے بھرپور استفادہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی اپنے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں پر عمل پیرا ہیں اور بہت جلد مسلمانوں کو تعلیم اور روزگار کے میدانوں میں 12 فیصد تحفظات بھی فراہم کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر محمد افتخار الدین احمد ایڈوکیٹ نے ’’ شادی مبارک اسکیم ‘‘ کی درخواستوں کی آن لائین ادخال کیلئے مسلم ریزرویشن فرنٹ کی جانب سے مفت خدمات کا بھی اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع مستقر محبوب نگر کے محلہ نیو ٹاون میں ہیلپ لائین سنٹر قائم کیا گیا ہے ۔ اس سنٹر کے ذریعہ مستحق افراد کو حکومت کی تمام اسکیمات سے استفادہ کیلئے رہنمائی کی جائے گی ۔