کوڑنگل میںمنعقدہ جلسہ سے مہیندر ریڈی وجتیندر ریڈی کا خطاب
کوڑنگل۔/30 اکٹوبر،( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گزشتہ روز ساڑھے گیار بجے دن کے ایس وی فنکشن ہال میں کوڑنگل و بمرس پیٹ منڈل مسلم میناریٹی سیل کے زیر اہتمام بڑے پیمانے پر جلسہ عام کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ ہر دو منڈلوں سے وابستہ سینکڑوں مسلمانوں نے شرکت کی۔ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی، ایم پی جتیندر ریڈی ، ایم ایل سی نریندر ریڈی و سابق رکن اسمبلی گروناتھ ریڈی وغیرہ نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی۔ ان قائدین نے مخاطب کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو مسلمانوں کا ہمدرد قرار دیا اور کہا کہ ہندو مسلم حکومت کی دو آنکھیں ہیں۔ کے سی آر سیکولر قائد ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے جو اقدامات کئے ہیں اس کی مثال ملک کی کسی اور ریاست میں نہیں ملتی۔ مستقبل قریب میں منعقد شدنی انتخابات میں کے سی آر کی کامیابی کیلئے جدوجہد کرنے پر زور دیا۔ کے سی آر نے مستحسن اقدام کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی کوڑنگل میں مساجد، عیدگاہوں اور شادی خانوں کی تعمیر کیلئے تین سو کروڑ روپیوں کی خطیر رقمی منظوری عمل میں لائی گئی ہے۔ کوڑنگل میں شادی خانہ کی تعمیر کیلئے دو ایکر اراضی مختص کرنے کی بات کہی۔ وزیر موصوف نے کہا کہ آئندہ دنوں میں مسلمانوں کے لئے مزید فلاحی اسکیمات روبہ عمل لائے جانے کا انکشاف کیا اور کہا کہ موجودہ رکن اسمبلی ریونت ریڈی نے گزشتہ 9سال سے کوڑنگل کے لئے کچھ نہیں کیا ۔ علاوہ ازیں سابق ڈپٹی سرپنچ ایس ایم غوثن اور ٹی آر ایس وائس پریسیڈنٹ کوڑنگل امتیاز احمد نے بھی مخاطب کیا۔ اہم شرکاء میں ایم پی پی مدپا دیشمکھ ، شیخ مختار احمد صدیقی، ایم اے باقی قیصر، کرشنا، سلیم، دامودر ریڈی ، رام ریڈی، مدھو ، حبیب، عبدالمنان شامل تھے۔