مسلمانوں کو 12% تحفظات کے مطالبہ میں شدت، تقررات سے قبل اعلامیہ کی اجرائی پر زور

روزنامہ ’سیاست‘ کی مہم پر ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع و شہروںمیں یادداشتوں کی پیشکشی کا سلسلہ جاری

نظام آباد… روزنامہ سیاست و مسلم امپاورمومنٹ کی جانب سے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کیلئے چلائی جانے والی تحریک پر آج مجلس بچائو تحریک نے ضلع اڈیشنل جوائنٹ کلکٹر کو یادداشت پیش کرتے ہوئے 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کیلئے فوری بی سی کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا۔ مجلس بچائو تحریک کے صدر عبدالقدیر ساجد کی قیادت میں ٹائون مجلس بچائو تحریک کے صدر میر بشارت علی، جنرل سکریٹری عبدالباسط، مجلس بچائو تحریک کے قائدین محمدنصیب خان، محمد زین العابدین، شریب خان نے آج اڈیشنل جوائنٹ کلکٹر سے ملاقات کی انہیں واقف کراتے ہوئے بتایا کہ ٹی آرایس اقتدار میں آنے سے قبل مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات  فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا اور مسلمانوں کو ٹی آرایس حکومت پر مکمل اعتماد ہے۔ ٹی آرایس کے اعلان پر انتخابات میں مسلمانوں نے ٹی آرایس کا ساتھ دیتے ہوئے اقتدار حوالے کیا تھا ۔گذشتہ دیڑھ سال سے اپنے وعدہ پر عمل نہ کرنے کے علاوہ بی سی کمیشن کا قیام بھی عمل میں نہیں لایا گیا۔جس کی وجہ سے مسلمانوں میں تشویش پائی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ ملازمتوں کی بھرتی کیلئے اعلامیہ بھی جاری کیا جارہا ہے ۔ جس کی وجہ سے مسلمان طبقہ کو زبردست نقصانات پیش آنے کے امکانات ہیںاور ریاستی حکومت ایک لاکھ سے زائد ملازمتوں کی بھرتی عمل میں لانے کی صورت میں مسلمانوں کو 8 ہزار سے زائد جائیدادوں سے ہاتھ دھونا پڑیگا۔ لہذا چیف منسٹر چندر شیکھر رائو اس خصوص میں دلچسپی دکھاتے ہوئے اپنے اعلان پر قائم رہنے کا مطالبہ کیا۔ مجلس بچائو تحریک کے ضلع صدر عبدالقادر ساجد نے روزنامہ سیاست کی تحریک کا خیر مقدم کرتے ہوئے نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست عامر علی خان کی ستائش کی اور کہا کہ روزنامہ سیاست ایک تحریک ہی نہیں بلکہ قوم و ملت کے مسائل کو حل کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے ۔ انہوں نے تحریک کو مستحکم کرنے کیلئے مجلس بچائو تحریک وقفہ وقفہ سے پروگرامس کو انجام دینے کااور ضلع بھر میں تحفظات کی تحریک چلانے کا ارادہ ظاہر کیا۔
بودھن … تلنگانہ اردو جرنلسٹ فورم بودھن کا ایک وفد جناب محمد علی شبیر ڈپٹی فلور لیڈر قانون ساز کونسل ریاست تلنگانہ سے ملاقات کرتے ہوئے موصوف کو ایک یادداشت حوالے کی اور بتایا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست کے مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ ٹی آر ایس حکومت کو برسراقتدار آئے16ماہ کا عرصہ گذرا لیکن تاحال تحفظات کی فراہمی کیلئے کوئی سنجیدہ قدم اٹھایا نہیں گیا۔ جناب شبیر علی نے ان کے دور حکومت میں مسلمانوں کو فراہم کردہ چار فیصد تحفظات کے حصول میں پیش آئی دشواریوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اگر موجودہ برسراقتدار حکومت کی طرف سے مسلمانوں کو تحفظات کی فراہمی کیلئے کوئی غلط اقدام اٹھاتی ہے تو اس سے فائدہ کے بجائے نقصان ہونے کا قوی امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا کوئی ایک غیرسنجیدہ قدم موجودہ چار فیصد تحفظات پر بھی اثر انداز ہوسکتا ہے۔ جناب شبیر علی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں موجود جملہ 12.08 فیصد مسلمانوں میں کیا 12فیصد مسلمان خط غربت کی زندگی بسرر کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سرکار مسلمانوں کو واقعی تحفظات کی فراہمی میں دلچسپی رکھتی ہے تو اس معاملہ کو بی سی کمیشن کو رجوع کریں۔ جناب شبیر علی سے ملاقات کرنے والے وفد میں جناب خورشید اختر، ڈاکٹر لطیف قریشی، عبداللہ قریشی، عبدالقدوس، رضوان شاہد حسین جمیل احمد و دیگر موجود تھے۔
کریم نگر … حیدرآباد دکن کے کثیر الاشاعت روز نامہ سیاست جو کہ قوم کی فلاح و بہبود بالخصوص مسلمانوں کی ہر شعبہ حیات میں ہمہ جہت ترقی کیلئے ایک تحریک کی اپنی شناخت بناچکا ہے موجودہ حالات کا سب سے سلگتا اہم مسئلہ مسلمانوں کے بچوں کی تعلیم اور روزگار، ملازمت کی فراہمی کا بیڑا اٹھا ہوا ہے۔ اس سلسلہ میں ٹی آر ایس حکومت تلنگانہ ریاست کے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ جنہوں نے اپنے انتخابی منشور میں یہ وعدہ کیا تھا کہ مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات تعلیم اور ملازمت میں فراہم کئے جائیں گے۔ لیکن اقتدار پر آنے کے بعدچیف منسٹر صرف وعدے کررہے ہیں لیکن عملا کوئی مثبت قدم نہیں اٹھایا ہے۔ اس لئے روزنامہ سیاست کی جانب سے 12فیصد تحفظات کی فراہمی کیلئے ایک تحریک شروع کی گئی ہے اس تحریک میں شدت پیدا ہوتی جارہی ہے۔ ہر ضلع ، منڈل ، شہر سے مختلف انجمنوں، دانشوروں نے حکومت کے ذمہ داران ضلع منڈل کے عہدیداروں کو 12فیصد تحفظات کے وعدے کو پورا کرنے کیلئے چیف منسٹر کے سی آر کو یادداشتیں حوالے کی جارہی ہیں۔ جلسے اور ریالیاں منعقد کی جارہی ہیں اس سلسلہ میں آج شام ضلع کلکٹر کریم نگر نیتو کماری پرساد کو کلکٹریٹ میں سینئر صحافی سید محی الدین نمائندہ سیاست کی قیادت میں مرکزی اتحاد ملت اسلامیہ جگتیال کے ذمہ داروں کے ایک وفد نے 12فیصد تحفظات کے مطالبہ پر مبنی یادداشت حوالے کی۔ جگتیال سے آئے ہوئے اس وفد میں مرکزی اتحاد ملت اسلامیہ صدر محمود علی ، میر کاظم علی سکریٹری، صلاح الدین منا، محمد خلیل الدین، وثیق الرحمن ، محمد جاوید عادل صدر مولانا ابوالکلام آزاد یوتھ سوسائٹی و نمائندہ سیاست شریک تھے۔
ایڑپلی …  حلقہ اسمبلی بودھن کے کثیر مسلم آبادی والے منڈل ایڑ پلی کے مسلمانوں کی کثیر تعداد آج صدر انتظامی کمیٹی جامع مسجد ایڑ پلی جناب محمد جمال الدین کی قیادت میں تحصیل آفس پہنچ کر تحصیلدار جناب عبدالغفار میاں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے نام تحریر کردہ ایک مکتوب حوالے کیا۔ اس مکتوب میں چیف منسٹر کو مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات فراہم کرنے کے اپنے وعدہ پر جلد از جلد عمل آوری کرنے اور نامزد کمیٹیوں کی سفارشات کے بجائے بی سی کمیشن کی نگرانی میں قائم کردہ کمیٹی کی رپورٹ پر عمل درآمد کرتے ہوئے ملازمتوں کے اعلامیہ کی اجرائی سے قبل مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی اپنے مکتوب میں چیف منسٹر کے سی آر سے خواہش کی۔ تحصیلدار سے ملاقات کرتے ہوئے یادداشت حوالے کرنے والے وفد میں جناب عبدالوہاب باری، فرید بیگ، شیخ مبین، عبدالخالد حسن خان، محمد رحیم، اسمعیل پٹیل و دیگر موجود تھے۔
ایچوڑہ … ایچوڑہ منڈل و مستقر پر روز نامہ سیاست کی جانب سے شروع کی گئی تحفظات مہم میں مقامی مسلمانوں نے ایچوڑہ ڈپٹی تحصیلدار کو یادداشت پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ تلنگانہ حکومت مسلمانوں کو تحفظات فراہم کئے جائیں تاکہ مستقبل میں مسلم نوجوانوں کا مستقبل روشن ہوسکے۔ انتخابات سے قبل کئے گئے اپنے وعدہ کو پورا کرے اور مسلم دوستی کا ثبوت ہو۔ اس وفد میں عبدالقدیر، شیخ عمران، شیخ احمد، شیخ اسلم، شیخ محبوب و دیگر موجود تھے۔
ظہیرآباد … مسلمانوں کی پسماندگی دور کرنے کی غرض سے کے چندر شیکھر راؤ وزیر اعلیٰ نے 12فیصد تحفظات دینے کا وعدہ کیا لیکن اس پر عمل آوری نہیں ہورہی ہے۔ اس ضمن میں جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر ’سیاست‘ کی تحریک عوامی شعور بیداری قابل ستائش ہے۔ اس سلسلہ میں صدر الدین غور کوآرڈینیٹر تلنگانہ پردیش کانگریس میناریٹی ڈپارٹمنٹ کی قیادت میں میدک ضلع کے قائدین محمد رفیع، محمد قاسم مدری، محمد قادر، سردار، محمد وسیم مدری، محمد الیاس، محمد عظیم، شجاعت علی، سراج الدین اور دیگر اقلیتی قائدین نے مسٹر دیانند آر ڈی او میدک سے کلکٹر آفس میں ملاقات کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بی سی کمیشن کو اس یادداشت کو روانہ کرنے اور مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
شمس آباد … شمس آباد میںبھی 12فیصد تحفظات کیلئے تحریک میں شدت پیدا ہورہی ہے۔ محمد شمس الدین ڈپٹی سرپنچ نے شمس آباد منڈل صدر چکلا ایلیا سے ملاقات کرکے ایک یادداشت پیش کی جس میں مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔محمد شمس الدین نے بتایا کہ سدھیر کمیٹی کے بجائے بی سی کمیشن کی رپورٹ پر عمل آوری کرنی چاہیئے جس کیلئے چیف منسٹر بی سی کمیشن کے ذریعہ سروے کرواکر بی سی کمیشن کی رپورٹ پر عمل کریں۔ منڈل صدر چکلا ایلیا نے محمد شمس الدین سے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر سے نمائندگی کرتے ہوئے مسلمانوں کیلئے 12فیصد تحفظات کیلئے کوشش کریں گے۔اس موقع پر محمد شمس الدین کے ہمراہ محمد ذاکر، محمد لائق علی و دیگر افراد موجود تھے۔
کوبیر … کوبیر منڈل کے ایم پی ڈی او آفس میں اطراف واکناف مواضعات سے آئے ہوئے عوامی نمائندوں نے 12فیصد تحفظات کیلئے کوبیر ایم پی ڈی او اور ضلع پریشد چیرمان کو کوبیر منڈل مسلمانوں کی جانب سے تحریری یادداشت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھرراؤ نے مسلمانوں کو انتخابی منشور کے دوران 12فیصد تحفظات دینے کا وعدہ کیا تھا چنانچہ کئے گئے وعدہ پر عمل کرنے تحریری یادداشت کے ذریعہ اعلیٰ عہدیداروں کو ریاستی سطح، ضلع سطح اور منڈل سطح کے تمام مسلمانوں نے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا کہ تقررات سے پہلے تحفظات پر عملی اقدامات کرنے پر زور دیا۔ بعد ازاں زیڈ پی چیرمین نے تمام تفصیلات کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی نمائندوں کو تیقن دیا کہ 12فیصد تحفظات مسلمانوں کے حق میں دینے کیلئے وزیر اعلیٰ سے نمائندگی کرکے مسئلہ کی یکسوئی کی جانے کی امید ظاہر کی۔ اس موقع پر کوبیر ایم پی ڈی او شریمتی وناجہ، ضلع ہمبلی چیرمین شریمتی شوبھا رانی، بشیر الدین ڈوڈرنا ایم پی ٹی سی کوآپشن ممبر مجو خان، عوامی نمائندوں کے علاوہ کوبیر نمائندہ سیاست محمد امین پٹیل موجود تھے۔