نماز عید کے موقع پر ’سیاست‘ کی مہم کو آگے بڑھانے کا عزم
نلگنڈہ۔/26ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع نلگنڈہ میں نماز عیدالاضحی انتہائی خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کی گئی۔ عیدالاضحی کا عظیم اجتماع عیدگاہ نلگنڈہ میں دیکھاگیا جہاں پر ہزار مسلمانوں نے نماز عیدالاضحی ادا کی۔ مفتی سید صدیق احمد نے نماز عیدالاضحی کی امامت کی اور خطبہ دیا۔ قبل ازیں اس عظیم اجتماع کو مخاطب کرتے ہوئے نلگنڈہ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسلام میں تمام مذاہب کے احترام کرنا کا درس دیا گیا ہے لیکن ان کے ساتھ پوجا پاٹ میں شرکت کرنا شرک ہے۔ اللہ رب العزت تمام گناہوں کو معاف کرتا ہے لیکن شرک کو سب سے زیادہ ناپسند کرتا ہے۔ انہوں نے غیروں کے ساتھ معاملات کریں لیکن مذہبی تہواروں میں شرکت سے اجتناب کرنا چاہیئے اور بتایا کہ اللہ رب العزت کے یہاں کسی شخصیت کی اہمیت نہیں ہے اور اللہ کو کسی کی ضرورت بھی نہیں ہے، اپنی آخرت کو سنوارنے کیلئے دین الٰہی پر برقرار رہنا چاہیئے۔ مفتی صاحب نے کہا کہ ہرچیزکا دینے والا اللہ ہے، نفع، نقصان، جان و مال کی حفاظت کرنے والی اللہ کی ذات ہے۔ کوئی بھی اللہ کی مرضی کے بغیر کوئی نقصان نہیں پہنچاسکتا۔ اللہ تعالیٰ کو ناپسندیدہ عمل کو رکوانا چاہیئے، اگر نہ روکا جائے و یہ بزدلی ہے اور اسلام میں بزدلی کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے ہزاروں مسلمانوں کو کلمہ پڑھاتے ہوئے تلقین کی کہ وہ اللہ کو راضی کرنے کیلئے نمازوں کو قائم کریں۔ استقامت اور اطاعت خداوندی سے اللہ رب العزت کو راضی کرتے ہوئے آخرت کو سنواریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں مسلمانوں کا امتحان لیا جارہا ہے ایسے میں اپنے ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے شعائر اسلام کو باقی رکھیں اور تقویٰ و پرہیز گاری کے ذریعہ اپنے ایمان کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ مخلوق کی خدمت کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کو راضی کرنا چاہیئے۔ مفتی سید صدیق احمد نے اس موقع پر تلقین کی کہ وہ اپنے جان و مال کو اللہ کے راستہ میں خرچ کریں اور قربانی و زکوٰۃ ادا کریں۔ انہوں نے قربانی کے فلسفہ پر تفصیلی روشنی ڈلی۔ عیدالاضحی کے موقع پر عید گاہ نلگنڈہ پر پولیس کی جانب سے وسیع تر صیانتی انتظامات کئے گئے تھے۔ عید گاہ کے باب الداخلہ پر مٹیل ڈیٹکٹرس کی تنصیب عمل میں لائی تھی۔ احاطہ عید گاہ میں بلدیہ نلگنڈہ میں عید ملاپ کیمپ کااہتمام کیا گیا ۔ جہاں پر ضلع کلکٹر مسٹر ستیہ نارائن ریڈی، ضلع مہتمم پولیس مسٹر وکمر جیت سنگھ دوگل، رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ مسٹر جی سکھیندر ریڈی، ڈپٹی فلور لیڈر اسمبلی و رکن اسمبلی نلگنڈہ مسٹر کے وینکٹ ریڈی سابق صدرنشین بلدیہ پی وینکٹ نارائنا گوڑ، مسٹر پی رام ریڈی، سی پی ایم پارٹی قائد مسٹر اننت رام شرما، تلگودیشم قائد مسٹر بھوپال ریڈی، ٹی آر ایس حلقہ اسمبلی انچارج مسٹر ڈی نرسمہا ریڈی، ارکان امن کمیٹی ڈاکٹر محمد عبدالحفیظ خان، سید عفان علی، چاند پاشاہ و دیگر نے پہنچ کر مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کی۔ عید گاہ نلگنڈہ میں نماز عیدالاضخی کے موقع پر روز نامہ ’سیاست‘ کی جانب سے مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی غرض سے چلائی جانے والی تحریک کو آگے بڑھانے کی خواہش کی گئی اور روز نامہ سیاست کی جانب سے فراہم کردہ پمفلٹس کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔
نارائن پیٹ میں
موسلادھار بارش
نارائن پیٹ۔/26ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ مستقر اور اطراف کے مواضعات میں رات دیر گئے ایک وقفہ کے بعد گرج و چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔ جس سے چند روز سے پیدا شدہ گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے اور عوام نے راحت کی سانس لی ہے۔