مسلمانوں کو پاکستان جاؤ کہنے والے تاریخ سے لاعلم : شردپوار 

ممبئی : این سی پی کے سربراہ او رسابق کابینی وزیر شرد پوار نے کہا کہ جولوگ مسلمانوں کو پاکستان جانے کیلئے کہہ رہے ہیں پاکستان او رہندوستان کے بارے میں لاعلم ہے ۔یہ بھول رہے ہیں کہ تقسیم ہند سے قبل پاکستان ہندوستان کا حصہ ہوا کرتا تھا ۔او روہاں کے لوگ بھی ہندوستانی کہلاتے تھے ۔شرد پوار نے پونہ میں سینئرصحافی سنجے اویت کی کتاب دی واجپائی کی ریلیز کے موقع پر خطا ب کے دوران یہ بات کہی ۔انہوں نے کہا کہ جب اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والا کوئی شخص کبھی اپنی رائے کا اظہار کرتا ہے او رکچھ لوگوں کو وہ بات اچھی نہیں لگتی تو اس شخص کو فوراً پاکستان جانے کیلئے کہ دیا جاتا ہے ۔او راسے اس ملک میں رہنے کا کوئی حق نہیں سمجھاجاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جب وہ آئی سی سی کے صدر تھے تب انہیں پاکستان کا دورہ کرنے کا کئی موقع ملا ۔انہوں نے کہا کہ میں نے پاکستانیوں کے دلوں میں ہندوستانیوں کے لئے محبت ہے ۔پاکستان میں ایسے افراد ہیں جن کے خاندان والے ہندوستان کے رہائشی ہیں مگر حالات ناسازگار ہونے کی وجہ سے انہیں ان سے ملنے کا موقع نہیں ملتا ۔ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان کوئی دشمنی نہیں ہیں او ران حالات کی ذمہ دار پاکستان کی حکومت اوروہاں کی فوج ہے جو اپنے ملک میں سیاسی مفاد کیلئے بھارت مخالف پروپیگنڈہ کراتے ہیں ۔