مسلمانوں کو نظر انداز کرنے کانگریس پر الزام

نلگنڈہ میں اقلیتی قائدین کی پریس کانفرنس

نلگنڈہ /10 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کے 2 لوک سبھا اور 12 اسمبلی حلقوں کے علاوہ نامزد عہدوں پر مسلمانوں کو گذشتہ 15 برسوں سے نظر انداز کرتے ہوئے عام انتخابات میں کس طرح مسلمانوں کے ووٹ حاصل کرسکتے ہیں اور مسلمان بھی کانگریس پارٹی کے حق میں اپنے ووٹوں کا استعمال کرسکتے ہیں ۔ پارٹی اعلی قائدین فوری اس جانب توجہ دیتے ہوئے مسلم اقلیتوں میں پائی جانے والی بے چینی کو دور کرنے کی خواہش کرتے ہوئے ضلع کانگریس پارٹی مسلم قائدین اور پردیش کانگریس نائب صدر ڈاکٹر محمد عبدالحفیظ خان اقلیتی سیل کنوینر جناب محمد ممتاز علی ریاستی میناریٹی سیل کوآرڈینیٹر جناب محمد رحیم خان و دیگر نے پریس کلب نلگنڈہ میں صحافتی کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے پارٹی ہائی کمان کو خط روانہ کیا ۔ ان قائدین نے بتایا کہ ضلع میں گذشتہ 15 برسوں سے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ مسلمانوں کو سرپنچ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سیز اور نامزد عہدوں پر فائز نہیں کیا گیا ۔ مسلمانوں کیلئے آغاز کردہ تعمیراتی کاموں کو بھی صرف سنگ بنیادوں تک محدود کردیا گیا ہے ۔ آل انڈیا کانگریس کے قائدین فوری اس جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ ضلع میں عام انتخابات میں پارٹی سے تعلق رکھنے والے قائدین مہم کے دوران کس طرح مسلمانوں کے ووٹوں حاصل کرنے کی کوشش کریں ۔ عوام کی جانب سے سوالات کی بوچھار ہونے کے خدشات میں ان قائدین نے کہا کہ پارٹی اعلی کمان کے قائدین فوری توجہ دیتے ہوئے مسلمانوں سے متعلق ضلعی قائدین کے طرز عمل کی تبدیلی اور نامزد عہدوں پر مسلمانوںکو مختص کروانے کیلئے توجہ دلائیں بصورت دیگر ضلع میں مسلم قائدین انتخابی مہم میں حصہ لینے سے گریز کریں گے ۔