فرخ آباد ۔ 19 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے آج کہا کہ ’ مسلمانوں کو الجھن یا تذبذب کا شکار نہیں ہونا چاہئے اور فرقہ پرست قوتوں کو اقتدار سے دور رکھنے کے لیے ان کی پارٹی ( بی ایس پی ) کے حق میں ووٹ دینا چاہئے ‘ ۔ مایاوتی نے یہاں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر مسلم رائے دہندے ، فرقہ پرستوں کو اقتدار سے دور رکھنا ہی چاہتے ہیں تو وہ متحدہ طور پر بی ایس پی امیدواروں کے حق میں ووٹ دیں ‘ ۔ اس حلقہ میں کانگریس کے امیدوار سلمان خورشید کا بالواسطہ حوالہ دیتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ کسی الجھن و تذبذب کے بغیر بی ایس پی کے حق میں ووٹ دیں ۔ مایاوتی نے بی جے پی لیڈر نریندر مودی کی سخت مذمت کی اور خبردار کیا کہ اگر وہ وزیر اعظم بن جاتے ہیں تو سارا ملک فرقہ وارانہ منافرت کا شکار ہوجائے گا جو انتہائی خطرناک ہے ۔۔