مسلمانوں کو بی سی کوٹہ کے تحت انتخاب لڑنے کی اجازت

سنگاریڈی۔ 12 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست کے تمام بلدیات اور میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات میں بی سی زمرہ کے تحت محفوظ وارڈس سے مسلم طبقہ کے بی سی ای سرٹیفکیٹ کے حامل امیدواروں کو انتخاب لڑنے کی حکومت نے باضابطہ طور پر اجازت دے دی ہے۔ بی سی محفوظ نشستوں پر مسلمانوں کے انتخاب لڑنے کے مسئلہ پر مختلف مقامات پر اعتراض کرنے کی وجہ سے پیدا غیریقینی صورتحال کا حکومت نے خاتمہ کردیا اور بی سی محفوظ وارڈس سے انتخابات میں بی سی ای مسلمانوں کو حصہ لینے کا اہل قرار دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس مسئلہ پر ریاستی الیکشن کمیشن نے ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن سے وضاحت طلب کی تھی جس پر ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن نے اس مسئلہ کو پرنسپل سکریٹری میونسپل ایڈمنسٹریشن سے رجوع کیا۔

پرنسپل سکریٹری میونسپل ایڈمنسٹریشن نے پرنسپل سکریٹری محکمہ بی سی ویلفیر سے رپورٹ طلب کی اور بالآخر 11 مارچ کو مسٹر سمیر شرما پرنسپل سکریٹری میونسپل ایڈمنسٹریشن نے میمو نمبر 5249/ELECTION/2014 جاری کرتے ہوئے مسلم طبقہ کے بی سی ای سرٹیفکیٹ کے حامل افراد کو بی سی محفوظ وارڈس سے انتخاب لڑنے کا اہل قرار دیا ہے۔ سابق میں بھی حکومت نے 2009ء میں اسی طرح کے احکامات جاری کرتے ہوئے مسلم طبقہ کو بی سی محفوظ وارڈس سے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی تھی۔ بی سی محفوظ وارڈس سے صرف بی سی ای لسٹ میں شامل مسلم طبقات کے افراد ہی انتخابات میں حصہ لینے کے اہل ہوں گے۔ بی سی ای لسٹ میں عدم شامل مسلم طبقات کو اس سہولت کا فائدہ نہیں ہوگا۔

اہل بی سی ای امیدوار اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مسلمانوں کی سیاسی نمائندگی میں اضافہ کریں اور اس کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی جائے تاکہ ہر مقام پر اس سے استفادہ کیا جائے۔ حکومت کے واضح احکامات کے باوجود اگر کسی مقام پر بی سی ای مسلم امیدوار کو بی سی محفوظ نشست سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے میں رکاوٹ پیدا کی جائے تو اس کی شکایت فوری ضلع کلکٹر اور ریاستی الیکشن کمیشن سے کی جاسکتی ہے۔