مسلمانوں کو اپنے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کی ضرورت

مسلمانوں کو اپنے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کی ضرورت
آپسی اتحاد کی طاقت کو سمجھنے مسلمانوں کو جناب عامر علی خاں کا مشورہ،
محمد فاروق حسین اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد /12 نومبر (سیاست نیوز) گورنر اترا کھنڈ مسٹر عزیز قریشی نے مسلمانوں کی حالت زار کے لئے خود مسلمانوں اور ان کے قائدین کو ذمہ دار قرار دیا۔ سکریٹری آل انڈیا مائناریٹی فورم و سکریٹری پردیش کانگریس جابر پٹیل کی جانب سے ہوٹل تاج کرشنا میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا، جس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اترا کھنڈ نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ سابق ریاستی وزیر آصف پاشاہ نے تقریب کی صدارت کی۔ اس موقع پر صدر نشین قانون ساز کونسل ڈاکٹر چکرا پانی، ریاستی وزیر انڈومنٹ پی رام چندریا، کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین، صدر نشین سٹ ون محمد مقصود احمد، چیف ایڈیٹر رہنمائے دکن جناب سید وقار الدین، نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب عامر علی خاں، جسٹس ای اسماعیل، میجر قادری، عتیق احمد صدیقی، ایس کے افضل الدین، سید شوکت سلیم، صدر نشین مدینہ ایجوکیشن سوسائٹی کے ایم عارف الدین، ایڈیشنل ڈی جی وی کے سنگھ، ڈی آئی جی ناگی ریڈی، ریٹائرڈ آئی پی ایس ڈی ٹی نائک، محمد قمر الدین، ضیاء قادری کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔ گورنر اترا کھنڈ عزیز قریشی نے کہا کہ ملک میں سیکولرازم اور فرقہ پرستی ایک دوسرے سے ٹکرا رہے ہیں، لیکن ہندوستان ایک سیکولر ملک ہے، ہندوستانی دستور سازوں نے پڑوسی ملک پاکستان میں اسلامی مملکت قائم ہونے کے باوجود ہندوستان میں ہندو ملک کے دباؤ کو نظرانداز کرتے ہوئے ملک کو سیکولر ملک قرار دیا، جس میں جواہر لال نہرو، گاندھی جی اور دیگر قائدین نے اہم رول ادا کیا۔