نظام آباد۔/18اپریل، ( ای میل ) قاضی سید ارشد پاشاہ سرکاری ترجمان تلنگانہ اسٹیٹ کانگریس پارٹی سابق میونسپل وائس چیرمین نے شیوسینا کے رکن لوک سبھا سنجے راوت کے اس بیان کی شدید مذمت کی کہ مسلمانوں کو حق رائے دہی سے محروم کردینا چاہیئے۔ یہ بیان ان کے ذہنی دیوالیہ پن کی غمازی کرتا ہے۔سنجے راوت ذہنی طور پر کنگال ہوچکے ہیں ۔ سیکولر ہندوستان میں مسلم ووٹ کی اہمیت سے وہ خوفزدہ ہوگئے ہیں ۔ سنجے راوت کو کسی طرح بھی سیکولرازم، جمہوریت اور قومی یکجہتی کیلئے مفید نہیں سمجھا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ سنجے راوت ایسے بیانات دینے سے باز آجائیں کیونکہ ہمارے سیکولر ملک میں ہر شخص کو دستوری لحاظ سے مساویانہ حقوق حاصل ہیں اور مسلم اقلیت کو اس کے حقوق سے محروم کرنے کی بات کرنے والے کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔