مسلمانوں سے اپیل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی : بی جے پی

نئی دہلی ۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سونیا گاندھی کی مسلم قائدین سے اپیل پر کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ سیکولر ووٹ تقسیم نہ ہونے پائیں، شدید اعتراض کرتے ہوئے بی جے پی نے اسے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا اور الیکشن کمیشن سے نوٹ لینے کی خواہش کی۔ بی جے پی ترجمان پرکاش جاودیکر نے کانگریس پر فرقہ پرستانہ سیاست کا الزام عائد کیا اور حکمراں جماعت کو جھوٹی سیکولر جماعت قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ اقلیتی فرقہ سے کی گئی اپیل مسلمانوں کی توہین ہے کیونکہ ہر شخص کو رائے دہی سے استفادہ کا حق ہے اور وہ اس کیلئے آزاد ہے۔

اعتراض ایک مذاق : سونیا
رائے بریلی ۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس سونیا گاندھی نے فرقہ پرستانہ سیاست کرنے بی جے پی کا الزام مسترد کرتے ہوئے اسے ایک مذاق قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کو منقسم کرنا یا فرقہ وارانہ خطوط پر سماج کی تقسیم ہماری عادت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکولرازم کے کاز اور سیکولر ووٹوں کو تقسیم سے بچانے کیلئے انہوں نے سیاست میں حصہ لیا۔