گلبرگہ میں نیشنل تہذیبی و ثقافتی فورم کا اجلاس، ڈاکٹر سید نجم الدین کا خطاب
گلبرگہ /8 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حافظ شکیل احمد باغبان شریک معتمد نیشنل تہذیبی و ثقافتی فورم کی اطلاع کے بموجب ’’ الکڑانک میڈیا کے اثرات ‘‘ عنوان کے تحت فورم کا 96واں اجلاس ڈاکٹر سید نجم الدین صدر نیشنل ایجوکیشن سوسائٹی و صدرفورم کی صدارت میں /05مارچ بروز جمعرات علامہ اقبال ہال میں منعقد ہوا۔ ڈاکٹر سید نجم الدین صدر سوسائٹی نے کہا کہ آج کا معاشرہ الکڑانک میڈیا کے جال میں پوری طرح پھنس چکا ہے۔ ہمیں اس کی اہمیت سے انکار نہیںہے مگر ہمیں چا ہئے کے الکڑانک میڈیا سے جو فوائد ہیں اسے حاصل کریں اور مخرب الاخلاق چیزوں سے اجتناب کریں اور مسلمانوں کو چاہئیے کہ وہ علم و عمل سے دستبردارنہ ہوں اور اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں ۔ جناب امجد جاوید سابق پرنسپال نیشنل پی یو کالج نے کہا کہ الکڑانک میڈیا آج ہماری زندگی کا حصہ بناہوا ہے۔ ٹی وی، موبائل ، انٹرنیٹ و غیرہ جتنی بھی چیزیں ہیں ان کی ایجاد انسانیت کی بھلائی کیلئے ہوئی ہے نہ کے برباد کرنے کیلئے ۔ مسلمان سائنس سے دور ہوگئے ، اسلامی تعلیمات سے دور ہوگئے اسی لئے تنزلی کا شکار ہیں۔ جناب شعیب اسلم لیکچرار نیشنل پی یو کالج نے الکڑانک میڈیا کے منفی پہلوؤں پر مفصل روشنی ڈالی۔ اور کہا کہ الکڑانک میڈیا کے فوائد سے انکار نہیں کیا جاسکتا لیکن ا س کے منفی پہلو بہت زیادہ ہیں۔ ٹی وی پر فحش سیریلوں فلمیں ہماری نسلوں پر بہت بڑا اثر ڈال رہی ہیں ۔ ہم الکڑانک میڈیا سے فیضیاب ہونے کے بجائے نقصان اٹھارہے ہیں۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ بنیادی اسلامی معلومات سے آج کی نسل کو روشناس کریں۔ بڑوں کاادب ماں باپ و اساتذہ کا احترام کرناسکھائیں۔ بعد ازاں سامعین نے مذکورہ بالاعنوان پر سوالات کئے جس کا مقررین نے تشفی بخش جواب دیا۔ حافظ شکیل احمد باغبان کی قرات کلام پاک سے جلسہ کے آغاز ہوا۔ محترمہ ڈاکٹر کو ثر پروین معتمد فورم نے نظامت کے فرائض بحسن و خوبی انجام دیئے۔ اجلاس میں تمام ادارہ جات کے صدور ، تدریسی و غیر تدریسی عملے نے شرکت کی اور فورم کے اس اجلاس کو کامیاب بنایا۔ محمد مجیب احمد معلم نیشنل ہائی اسکول کے شکریہ پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔