مسلمان، حقیقی ہمدرد کو پہچانیں اور ووٹوں کو تقسیم سے بچائیں

احسان فراموش قائدین نے ہی کانگریس کا دامن چھوڑا، سینئر اقلیتی لیڈر نعیم الدین کا بیان
نرسا پور ۔/14 نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی نرسا پور میں مقابلہ ترقی اور وعدہ خلافیوں کے درمیان ہے ، حلقہ کی ترقی کو یقینی بنانے والی کانگریس پارٹی کو کامیاب ہونے سے روکنا ناممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق نائب سرپنچ نرسا پور و سینئر کانگریس قائد جناب نعیم الدین نے کیا۔ انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ حلقہ کی عوام کان خوش کرنے والی پالیسیوں سے تنگ آچکی ہے اور اب ترقی کے حقیقی دور کو دیکھنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ سے کانگریس امیدوار محترمہ سنیتا لکشما ریڈی کی جانب سے انجام دیئے گئے ترقیاتی کاموں سے سب واقف ہیں اور ایک ہمدرد اور عوام دوست قائد کو منتخب کرنے کیلئے بے تاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شکست کے خوف سے پریشان ٹی آر ایس پارٹی کانگریس کیڈر کو ہراساں کرنے کی اوچھی حرکتیں کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سوائے چند کمزور اور احسان فراموش قائدین کے علاوہ کانگریس کا دامن کسی نے نہیں چھوڑا اور ایسے احسان فراموش اور غدار قائدین کا بھانڈا بہت جلد پھوٹے گا۔ پارٹی کے نام پر ترقی اور رتبہ پانے والے آج کانگریس کو آنکھ دکھارہے ہیں۔ جبکہ عوام ہر حرکت سے واقف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فارم ہاوز اور تقاریب میں مست مگن رہنے والے قائدین عوام کے درمیان ہمیشہ رہنے والی سنیتا ریڈی سے کسی موقع پر بھی مقابلہ کے قابل نہیں اور ایسے قائدین کو عوام سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے مسلمانوں سے درخواست کی کہ وہ اپنے حقیقی ہمدرد کو پہچانیں۔ انہوں نے ٹی آر ایس کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی ترقی کے بلند بانگ دعوے کرنے والوں نے مساجد کے ائمہ اور موذنین کو دی جانے والی تنخواہیں پابندی سے ادا نہیں کرتے۔ 12 فیصد مسلم تحفظات کا وعدہ کرتے ہوئے مسلم جذبات سے کھلواڑ کی گئی۔ مسلمان اب ان کو سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے ریاست تلنگانہ کے مسلمانوں سے ایک جٹ ہوکر متحدہ طور پر اپنے ووٹوں کو تقسیم ہونے سے بچائیں اور متحدہ طور پر کانگریس کے حق میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔