مسلسل انتخابات سے ترقیاتی کام متاثر، عوام میں ناراضگی

نظام آباد :26؍ ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاست گیر سطح پر مسلسل انتخابات کے باعث ترقیاتی کام متاثر ہوتے جارہے ہیں ۔ واضح رہے کہ گذشتہ 2ماہ سے ضلع میں انتخابی اعلامیہ کی اجرائی اور ضابطہ اخلاق کے باعث متحدہ ضلع میں ترقیاتی کام مکمل طورپر ٹھپ ہوگئے تھے انتخابات کے اختتام کے فوری بعد گرام پنچایت انتخابات کی سرگرمیوں کا آغاز ہوچکا ہے اور الیکشن کمیشن نے انتخابات کے فوری بعد ضابطہ اخلاق کی برخواستگی کا اعلان کیا اور ترقیاتی کاموں کیلئے راہ فراہم کیا گیا اور الیکشن کمیشن کے احکامات کے برخواست کے ساتھ ریاست گیر سطح پر وظائف ، رعیتو بندھو ، اسکیمات کی عمل آوری کا آغاز ہوتے ہی گرام پنچایت سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا ہے جس کے باعث ریاست گیر سطح پر خاص طور پر دیہی سطح پر گرام پنچایت انتخابات کی سرگرمیوں کے باعث ترقیاتی کام کی انجام دہی میں رکاوٹیں پیدا ہورہی ہے ۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے عوام کی جانب سے ناراضگیاں ظاہر ہونے کے علاوہ اپوزیشن جماعتیں بھی ناراضگی ظاہر کررہے ہیں ۔ گرام پنچایت انتخابات کے بعد پارلیمنٹ انتخابات کی سرگرمیاں شروع ہونے کے امکانات ہیں جس کی وجہ سے آنے والے دنوں بھی ترقیاتی کام متاثر ہونے کے امکانات ظاہر ہورہے ہیں ۔