مسلح افواج کے ساتھ کانگریس کا دھوکہ

لدھیانہ۔23فبروری(سیاست ڈا ٹ کام )سابق فوجیوں کیلئے ’ایک رینک ‘ ایک وظیفہ ‘ دینے یو پی اے حکومت کی تاخیر پر تنقید کرتے ہوئے بی جے پی وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی نے کانگریس پر الزام عائد کیا کہ وہ مسلح افواج کے ساتھ’’ فراڈ ‘‘کررہی ہے ۔ انہوں نے رشوت کے خلاف مہم چلانے راہول گاندھی کی کوششوں پر بھی تنقید کی ۔یہاں پر بی جے پی کی حلیف پارٹی شرومنی اکالی دل کے ساتھ منعقدہ فتح ریالی سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر گجرات نے ان کی ریاست میں علاقہ کچھ سے سکھ کسانوں کی نقل مکانی سے متعلق تنازعہ کو افواہ اور جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ۔ زعفرانی پگڑی باندھے ہوئے مودی نے وعدہ کیا کہ وہ کسی بھی سکھ کسان کو گجرات چھوڑنے نہیں دیں گے ۔

انہوں نے پنجاب میں بی جے پی اور شرومنی اکالی دل اتحاد کو ہندو۔ سکھ اتحاد کی شاندار علامت قرار دیا جس میں پھوٹ ڈالو اورحکومت کرو پالیسی کرنے والی کانگریس کا خاتمہ کیا ہے ۔ اپنی ؎30منٹ کی تقریر میں نریندر مودی نے کانگریس پر شدید تنقیدیں کی ۔ پُرہجوم جلسہ عام میں انہوں نے کہاکہ یہ پارٹی عوام کو بیوقوف بنانے کیلئے ان کے آنکھوں میں دھول جھونکنے کے بجائے مرچ پاؤڈر ڈال رہی ہے ۔ انہوں نے لوک سبھا میں مرچ پاؤڈر اسپرے حوالہ دیا ‘ جہاں پر کانگریس کے برطرف شدہ رکن پارلیمنٹ نے تلنگانہ بل پر ہنگامہ مچایا تھا ۔ نریندر مودی نے گاندھی ؎خاندانی اور کانگریس پر بھی تنقید کرنے کے علاوہ دیگر پارٹیوں پر بھی نکتہ چینی کی جو رشوت کے خلاف مہم چلا رہی ہے ۔ مجھے یہ جان کر حیرت ہوتی ہے کہ کانگریس کے لیڈر دوسری پارٹیوں کے قائدین پر انگلیاں اُٹھا رہے ہیں جب کہ ان کی پارٹی کے کئی قائدین رشوت میں ملوث ہیں ۔ کانگریس پارٹی ہی سرتاپا رشوت میں ملوث ہو تو دوسروں پر الزام کیسے لگاسکتی ہے ۔ دیہی ترقی کیلئے مرکز سے نکلنے والا ایک روپیہ گاؤں پہنچنے تک صرف 15پیسے رہ جاتاہے تو پھر یہ ’’ پنجہ ‘‘ کس نے استعمال کیا ۔