آدتیہ ناتھ کے بیان پر ممتا بنرجی کی تنقید
ہاوڑہ ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی اپنے اترپردیش کے ہم منصب یوگی آدتیہ ناتھ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے ایک ریمارک کو ملک کے مسلح افواج کی توہین قرار دیا۔ یوگی نے ہندوستانی فوج کا مبینہ طور پر ’مودی جی کی سینا‘ کے طور پر حوالہ دیا تھا۔ ممتا بنرجی نے ہندوستانی فوج کو قوم کا اثاثہ قرار دیا اور کہاکہ یہ تمام ابنائے وطن کے سپاہی ہیں اور عوام پر زور دیا کہ وہ آدتیہ ناتھ کے بیان کو مسترد کردیں۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’یہ امر انتہائی تکلیف دہ ہے کہ اترپردیش کے چیف منسٹر کو یہ کہتا سنا جائے کہ ہندوستانی فوج ’مودی کی سینا ہے‘۔ اس حد تک بدترین و سنگین شخصیت پرستی اور ہندوستانی فوج کے تئیں اس قسم کا معاندانہ رویہ ایک اہانت اور تحقیر ہے‘۔ ممتا بنرجی نے مزید لکھا کہ ’ہم اپنی فوج پر فخر کرتے ہیں۔ وہ (افواج) سب کے ہیں۔ یہ ہماری قوم کا عظیم اثاثہ ہیں۔ بی جے پی کی کوئی خانگی فوج نہیں ہیں۔ اس ملک کے عوام کو اچھی طرح سمجھ لینا چاہئے اور اس بیان کو مسترد کردینا چاہئے‘۔