جیون ریڈی کمیٹی کی رپورٹ مسترد کرنے وزارت داخلہ کی سفارش
نئی دہلی 2 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزارت داخلہ نے مسلح افواج کو خصوصی اختیارات دینے کے متنازعہ قانون کی تنسیخ کے خلاف سفارش کی ہے ۔ اس قانون کو ناقدین نے انتہائی سخت قرار دیا ہے ۔ سکیوریٹی سے متعلق کابینی کمیٹی کو پیش کردہ ایک رپورٹ میں وزارت نے کہا کہ جسٹس بی پی جیون ریڈی کمیٹی کی رپورٹ کو مسترد کیا جانا چاہئے ۔ جسٹس بی پی جیون ریڈی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں اس قانون کو کچلنے کی علامت قرار دیتے ہوئے اس کی تنسیخ کی سفارش کی تھی ۔ وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ہم نے مرکزی کابینہ سے سفارش کی ہے کہ جسٹس جیون ریڈی کمیٹی کی رپورٹ مسترد کردی جائے ۔ وزارت دفاع نے بھی اس قانون میں کسی طرح کی نرمی کی مخالفت کی ہے اور کہا کہ تخریب کاری سے متاثرہ علاقوں میں کام کرنے والی مسلح افواج کو اس قانون سے ہراسانی کے خلاف راحت ملتی ہے ۔ یہ کمیٹی 2004 میں تشکیل دی گئی تھی جب اس قانون کے خلاف منی پور میں زبردست احتجاج کیا گیا تھا ۔