مسقط میں حوثی باغیوں اور امریکہ کے درمیان مذاکرات

صنعا ء۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) یمنی حکومت کا کہنا ہے کہ یمن کے تنازعے کے حل کے لیے اعلیٰ حوثی قیادت اور امریکی اہلکاروں کے مابین مسقط میں مذاکرات ہورہے ہیں۔برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یمنی حکومت کے ترجمان راجح بادی کا کہنا ہے کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ امریکہ کی خواہش پر یہ ملاقاتیں ہو رہی ہیں اور حوثیوں کو ایک جہاز کے ذریعے مسقط پہنچایا گیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یمنی حکومت ان مذاکرات میں حصہ نہیں لے رہی ہے۔واضح رہے کہ امریکہ اور حوثیوں کی جانب سے بھی اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔اگر ان مذاکرات کی تصدیق ہوگئی تو یہ یمن کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے پہلا موقع ہو گا جب امریکہ اور حوثیوں میں براہ راست رابطہ ہوا ہو۔یمنی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ مذاکرات یمن کے تنازعے کو حل کرنے کی بین الاقوامی کوششوں خصوصاً اقوامِ متحدہ کی قرارداد 2216 کے تناظر میں ہو رہے ہیں۔دوسری جانب فرانسیسی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کا کہنا ہے کہ ایک اخباری اطلاع کے مطابق یمن میں باغیوں نے 4امریکی شہریوں یرغمال بنایا ہوا ہے اور امریکی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ ان لوگوں کو بازیاب کرانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔