مسجد کی تعمیر کیلئے فنڈس کی منظوری کا مطالبہ

جگتیال کے وفد کی ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی سے نمائندگی
جگتیال /3 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جگتیال کے مسلم وفد نے ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی سے ملاقات کی اور مسجد کی جدید تعمیر کے سلسلہ میں حکومت سے فنڈس کی منظوری کیلئے تحریری یادداشت حوالے کی ۔ محمد امین الحسن ٹی آر ایس ریاستی میناریٹی سیل جنرل سکریٹری کی قیادت میں ایک وفد صدر مسجد پرانی پیٹھ جگتیال محمد عبدالمجاہد عادل ، رکن مسجد کمیٹی محمد معراج ، خان ضیاء صدر تحریک اردو تلنگانہ ، میر کاظم علی جنرل سکریٹری مرکزی اتحاد ملت اسلامیہ ہند جگتیال نے حیدرآباد پہونچکر ڈپٹی چیف منسٹر سے سکریٹریٹ میں ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت حوالے کرتے ہوئے جگتیال کی قدیم مسجد پرانی پیٹھ مسجد جگتیال کی جدید تعمیر کے سلسلہ میں حکومت سے فنڈس کی منظوری کیلئے نمائندگی کی ۔ جس پر ڈپٹی چیف منسٹر نے Estemation Copy پر دستخط کرتے ہوئے اسپیشل آفیسر وقف بورڈ مسٹر جلال الدین اکبر کو روانہ کئے ۔ واضح رہے کہ مسجد پرانی پیٹھ کے سامنے کا حصہ بہت ہی قدیم ہے اور دیگر مسائل کی بناء مسجد کی جدید تعمیر ناگزیر ہے ۔ جس کیلئے بڑی رقم کی ضرورت ہے ۔ مسجد کمیٹی عنقریب تعمیری کام شروع کرنا چاہتی ہے جس کیلئے حکومت سے فنڈس منظوری کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر سے نمائندگی پر انہوں نے جلد از جلد فنڈس کی منظوری کا تیقن دیا ۔ جس پر وفد نے ان کا شکریہ ادا کیا ۔ گذشتہ روز چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ کی حلقہ جگتیال رائیکل منڈل آمد پر صدر مسجد پرانی پیٹھ محمد عبدالمجاہد عادل نے ملاقات کرتے ہوئے مسجد کی تعمیر کیلئے فنڈس کی منظوری کیلئے ایک یادداشت حوالے کی ۔