مسجد کو آباد کرنے اور فکر آخرت کی تلقین

بچکنڈہ میں جلسہ، مولانا غیاث رحمانی اور مولانا ولی اللہ قاسمی کا خطاب
بچکنڈہ /15 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مساجد اللہ تعالی کے گھر ہیں، ان کو آباد کرنا مسلمانوں کی اہم ذمہ داری ہے۔ مساجد کو آباد وہی لوگ کرتے ہیں، جو اللہ تعالی اور آخرت پر ایمان رکھتے ہیں۔ ایمان والوں کا کام یہی ہے کہ اللہ کے احکامات پر عمل کریں اور پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقوں کو اپنائیں۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد غیاث رحمانی ناظم مدرسہ دارالعلوم رحمانیہ حیدرآباد نے کیا۔ انھوں نے کہا کہ اللہ تعالی کو وہ بندے بہت زیادہ پسند ہیں، جو وقت پر پابندی کے ساتھ نمازیں ادا کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم مسلمانوں کو سچی توبہ اور مساجد کو آباد کرنے کی فکر کرنا چاہئے، تاکہ ہمارے دلوں میں اللہ تعالی کی عظمت بس جائے۔ مولانا ولی اللہ قاسمی امام و خطیب مکہ مسجد نظام آباد نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل سے مسجد کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے، لہذا اب اسے آباد کرنے کی کوشش کرنا چاہئے اور اچھے امام و مؤذن کے تقرر کی فکر کرنا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ امام ہر اعتبار سے اچھا ہونا چاہئے اور امام و مؤذن کو وقت پر تنخواہ ادا کرنا چاہئے۔ دونوں کا ادب کریں اور مساجد کو صاف ستھرا رکھیں۔ اس موقع پر مفتی فصیح الدین نظام آباد، مولانا عبد الرقیب بانسواڑہ، حافظ شیخ عیسی بانسواڑہ کے علاوہ نمائندہ سیاست حافظ محسن بچکندہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی قائدین کی گلپوشی کی گئی اور سب نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ مہمانوں کا استقبال شیخ احمد، شیخ اقبال اور فہیم عبد الباری نے کیا۔ اس موقع پر غیر مسلم بھائیوں نے شرکت اور مبارکباد پیش کی۔