مدینہ منورہ ۔ 29 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مسجد نبویؐ میں خطبہ جمعہ کے اردو ترجمہ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے جس سے لاکھوں زائرین کو فائدہ ہوگا جو بارگاہ نبویؐ میں حاضری کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔ مسجد نبویؐ امور کیلئے جنرل پریسڈنسی ایجنسی نے خطبہ جمعہ کے فرنچ ، انگریزی ، اردو ، چیچوا، ترک اور ہوسازیان میں ترجمہ کیلئے چھ مترجمین کا تقرر کیا ہے ۔ خطبہ جمعہ کے ترجمہ شدہ متن کو ایف ایم ریڈیو پر نشر کیا جائے گا جسے انگریزی (105.5 ایف ایم) اردو (105 ایف ایم) فریکوئنسی پر سنا جاسکے گا۔ شعبہ ترجمہ کے ڈائرکٹر عبداللہ الحطب نے بتایا کہ تقریباً 300,000 زائرین پہلے ہی ترجمہ کی ان خدمات سے استفادہ کرچکے ہیں۔
منیٰ سانحہ : ایرانی سفارت خانہ میں عوام الناس کیلئے تعزیتی کتاب
نئی دہلی ۔ 29 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)ایران کے سفارت خانہ میں کل سے دو دن کیلئے ایک تعزیتی کتاب رکھی جائے گی تاکہ عوام الناس گزشتہ ہفتہ منیٰ بھگدڑ میں جاں بحق ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرسکیں۔ سعودی حکام کے مطابق اس سانحہ میں 769 حجاج کرام جاں بحق اور تقریباً 930 زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 45 ہندوستانی بھی شامل ہیں۔