بھینسہ۔/4مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اس دور میں اکثر لوگ اس دنیائے فانی کو سنوارنے اور عیش و عشرت کی زندگی گذارنے کیلئے اپنی آخرت کی فکر نہ کرتے ہوئے تمام حدوں کو پار کرکے رتبہ، دولت اور ملکیت کے پیچھے دوڑ دھوپ کررہے ہیں۔ لیکن اللہ پاک کے محبوب بندے آج کے اس تاریک دور میں بھی اپنی آخرت کو سنوانے کی کوشش میں اپنی ذاتی ملکیت کو اللہ کی راہ میں وقف کررہے ہیں۔ اسی طرح بھینسہ شہر میں ایک ضعیف العمر خاتون نے جذبہ آخرت کاسبق دنیا کے سامنے پیش کیا۔ تفصیلات کے بموجب بھینسہ شہر میں موجود قاضی گلی مستقر کی ضعیف العمر خاتون صابرہ بیگم بنت عبدالغفور عمر 90سال نے اپنا ذاتی مکان جس کا نمبر 2-5-47ہے جو کہ قاضی گلی بھینسہ میں موجو د ہے اس مکان کو’مسجد مومنان‘ بھینسہ کیلئے وقف کرتے ہوئے ایک تحریری اعلان کے ذریعہ واضح کہا کہ میں اکثر و بیشتر بیمار رہتی ہوں اور میری اپنی کوئی اولاد نہیں ہے اس لئے میں اپنی آخرت اور ثواب جاریہ کیلئے اس مکان کو مسجد مومنان کیلئے وقف کرتی ہوں۔ آج سے اس مکان کے تمام مالکانہ حقوق مسجد مومنان کے ہوں گے اور کسی کا کوئی قانونی حق اور عمل دخل نہیں ہوگا۔ اس ضعیف العمر خاتون نے مکان کی رجسٹری مسجد مومنان کے نام کرتے ہوئے تمام دستاویزات مسجد مومنان کمیٹی صدر عبدالقدیر، نائب صدر عبدالجبار کے حوالے کئے ۔ اس موقع پر کمیٹی خازن سید بشیر، ممبران جمیل احمد، محمد عبدالعتیق، محمد عبدالرافع اور بشیر احمد کے علاوہ دیگر موجود تھے۔