حیدرآباد 22 مارچ (سیاست نیوز) شہر میں ایک غیر آباد مسجد کو آباد کرنے کا چند نوجوانوں نے بیڑہ اٹھایا لیکن ان کی یہ کوشش ناکام رہی اور پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔ گولکنڈہ پولیس اسٹیشن حدود میں واقع مسجد شیخ پیٹ آثار قدیمہ کے تحت ہے لیکن یہاں نمازوں کی ادائیگی کا کوئی انتظام نہیں ۔ یہ مسجد غیر آباد ہے اور بتایا جاتا ہے کہ شر پسند عناصر یہاں غیر قانونی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ چند نوجوانوں نے آج مسجد کو آباد کرنے کے غرض سے شیخ پیٹ میں جمع ہوئے تھے کہ پولیس کو نوجوانوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع موصول ہونے پر انہیں فوری حراست میں لے لیا گیا اور بعدازاں گولکنڈہ پولیس اسٹیشن منتقل کردیاگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مسجد فلک نما کو آباد کرنے کے بعد بعض نوجوان مسجد شیخ پیٹ کو آباد کرنے کی غرض سے سرگرم ہوگئے اور آج ان کی کوشش کو پولیس نے ناکام بنادیا۔ انسپکٹر گولکنڈہ مسٹر خلیل پاشاہ نے بتایا کہ مذکورہ مسجد ریاستی آثار قدیمہ کے تحت ہے اور نوجوانوں کی جانب سے آباد کرنے کی اطلاع پر محکمہ نے پولیس کو ایک مکتوب روانہ کیا جس میں وہاں پولیس پیکٹ تعینات کرنے کیلئے کہا گیا تھا۔ آج نوجوانوں کی جانب سے اچانک مسجد پہنچ کر صفائی کا کام انجام دیئے جانے پر انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ اس سلسلہ میں نوجوانوں نے بتایا کہ یہ مسجد قدیم ہے اور اسے شر پسند عناصر نے شراب نوشی کا اڈہ بنالیا ہے اور متعلقہ محکمہ کے عہدیدار مسجد کے تحفظ میں ناکام رہے ہیں جس سے مسجد کی بے حرمتی ہورہی ہے ۔ حراست میں لے گئے نوجوانوں کو شخصی مچلکہ پر رہا کردیا گیا اور مسجد کے قریب مزید پولیس فورس متعین کردی گئی ۔