مسجد سے متصل قدیم مکان منہدم

گلبرگہ /27اگست (راست)9 مئی کو مسجد روشن غازی پورہ سے متصل قدیم مکان کی دیوار بارش کے دوران مدرسہ معاذابن جبل مسجد روشن کے احاطہ میں گر گئی،جمعہ اور بارش کے سبب طلباء احاطہ میں نہیں تھے ورنہ بہت بڑا حادثہ ہو سکتا تھا،جائے وقوع پرپہنچ کر کارپوریٹر بلدی حلقہ نمبر 31بسواراج ناسی،کارپوریشن انجینئر محمد حاجی اور سینیٹری انسپکٹر ملیکارجن اور زونل انجنئیرعبدالمجیدنے جائے وقوع کا معائنہ کیا اور گرتے ہوئے مذکورہ قدیم مکان سے مدرسہ کی حفاظت کے لئے اقدامات کا تیقن دیا لیکن اس کے بعد گذشتہ تقریبا چار مہینے سے تیقن دینے والوں نے ادھر کا رخ بھی نہیں کیا اور آج ہوئی بارش میں اس قدیم مکان کی باقی دیوار بھی منہدم ہوگئی جس کے بعد مسجد روشن میں نماز جانے کے لئے بھی دشواری پیش آئی کیونکہ گری ہوئی دیوار کا ملبہ مسجد کے صحن میںہے،مدرسہ کے مولانا عبدالرزاق بانی و مہتمم اور ذمہ داران نے پہلے بھی نمائندگی کی تھی اور اب بھی ضلع انتظامیہ اور محکمہ بلدیہ سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ قدیم عمارت کو فوری ڈھا دیا جائے ورنہ عمارت کا بقیہ حصہ بھی منہدم ہونے کا خدشہ ہے اور چونکہ مسجد میں مدرسہ بھی ہے طلبہ کو نقصان ہونے کا بھی شدید خطرہ ہے۔

ہمناآباد میں شدید بارش
ہمناآباد ۔ /27 اگسٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ہمناآباد میں کل شام شدید بارش ہوئی،موسم باراں کی یہ پہلی بارش تھی جو بہت تیز تھی۔بارش ہونیکی وجہہ سے کسانوں کے مرجھائے ہوئے چہرے کھل اُٹھے۔بارش نہ ہونیکی وجہہ سے گرمی بہت بڑھ گئی تھی اس گرمی سے یہاں کے لوگوں کو نجات ملی کیونکہ بارش کی وجہہ سے موسم بہت سرد ہو گیا۔آس پاس کے چھوٹے نالے جو کئی دوں سے خشک ہو گئے تھے کل کی بارش کی وجہہ سے یہ بھی بہنے لگے ،بائو لیوںمیں بھی پانی کی مقدار میں اضافہ ہو اہے۔ہر کسی نے راحت کی سانس لی ہے کیونکہ بارش نہ ہو نیکی وجہہ سے ہر کو ئی پریشان تھا،آج بھی وقفہ وقفہ سے ہلکی بارش ہو رہی ہے۔بارش رحمت کے ساتھ زحمت بھی بن گئی ہے بلدیہ کی لا پر واہی کی وجہہ سے، صفائی کے موثر انتظامات نہ ہو نیکی وجہہ سے پو رے ہمناآباد میں گندگی پھیل گئی ہے۔