مسجد اقصیٰ کے تعلق سے یہودی منصوبوں کی مذمت:سعودی عرب

ریاض ۔ 28 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے مسجد الاقصیٰ کو یہودی طرز پر ڈھالنے اسرائیل کے منصوبوں کی مذمت کی اور اسے بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔ ولیعہد سلمان نائب وزیراعظم و وزیر دفاع کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ کابینہ نے کہا کہ عرب لیگ نے پہلے ہی اسرائیلی منصوبوں کے خطرات سے خبردار کیا ہے۔ اس کے نتیجہ میں علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کو خطرہ لاحق ہوگا۔ وزیر اطلاعات عبدالعزیز کھوجا نے اجلاس کے بعد میڈیا کو یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ مشرق وسطی کی صورتحال کے بارے میں اقوام متحدہ سلامتی کونسل کو تنظیم اسلامی کانفرنس کے بیان کا حوالہ دیا گیا۔ اسرائیل مسجد اقصیٰ میں مصلیوں پر حملے کرتے ہوئے مقررہ قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تنظیم اسلامی کانفرنس نے اس علاقہ میں اسلامی ، عرب اور فلسطینی شناخت کی برقراری پر زور دیا تھا اور اسرائیل کے قبضہ کو برخاست کرنے کیلئے عالمی برادری سے اقدامات کی خواہش کی تھی ۔ کابینہ کے اجلاس میں دیگر کئی امور بھی زیر بحث آئے۔ انہوں نے بتایا کہ علاقہ ، ساری دنیا اور بالخصوص عرب ممالک میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں پر بھی غور و خوض کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ان ممالک میں مسلسل بحران سے علاقہ میں عدم استحکام پیدا ہورہا ہے۔