یروشلم 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )فلسطینی علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی کی وحشیانہ کارروائیوں کے خلاف ملک کے دوسرے شہروں میں قابض صہیونی ریاست کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق چہارشنبہ مسجد اقصی کے باہر نماز ظہر کے بعد اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایک جلوس نکالا گیا، جس میں سینکڑوں فلسطینی شہریوں نے شرکت کی ۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اٹھائے رکھے تھے جو حماس اور القسام بریگیڈ زندہ باد جبکہ اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگا رہے تھے ۔ مظاہرین نے نعرے بازی کے دوران فلسطینی مزاحمتی تنظیموں بالخصوص حماس اور القسام بریگیڈ کو یقین دلایا کہ پوری قوم ان کے ساتھ ہے ۔ وہ دشمن کے غزہ کی پٹی پر حملے کی روک تھام کیلئے اپنی مسلح جدوجہد جاری رکھیں ۔ اس مقصد کیلئے دشمن کے خلاف جس قدر ممکن ہو طاقت کا بھر پور استعمال کیا جائے۔فلسطینی مظاہرین کے احتجاجی مظاہرے کے بعد اسرائیل نے فوج اور پولیس کی مزید فورسس غزہ کے محاذ پر تعینات کردی تھی۔