مسجدالاقصی میں اسرائیلی پولیس کی در اندازی ،جھڑپیں

فلسطینی احتجاجیوں کے خلاف کارروائی‘ مسجد کے دروازے بند کردیئے گئے
یروشلم 26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )اسرائیلی پولیس آج مسلمانوں کے تیسرے مقدس ترین مقام مسجد الاقصی میں داخل ہوگئی ۔ جس کے بعد جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ فلسطینی عوام نے سنگباری کی اور آتشی گولے پھینکے جبکہ پولیس نے گرینیڈ فائر کئے ۔ پولیس نے کہا ہے کہ ان فلسطینی احتجاجیوںکو باہر نکالنے کیلئے یہ کارروائی کی گئی جن کے بارے میں شبہ کیا گیا تھا کہ وہ گڑ بڑ و ہنگامہ آرائی کی تیاری کیلئے بارودی مواد اور پٹرول بم کا ذخیرہ کررہے تھے ۔ اسرائیلی پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’نقاب پوش بلوائی ‘مسجد الاقصی میں روپوش ہوگئے تھے اور مسجد کے اندر سے پولیس کو سنگباری کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے پولیس پر بارودی مواد بھی پھینکا ۔ اس واقعہ میں کئی اسرائیلی ملازمین پولیس زخمی ہوئے ہیں‘‘۔ اسرائیلی پولیس نے مسجد الاقصی میں گھسنے کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے بیان میں دعوی کیا کہ ’’فسادیوں کی کارروائیوں میں شدت‘سخت تصادم کے دوران مزید پولیس فورسیس کو زخمی ہونے سے بچانے کیلئے مسجد کے اندر چند گز تک داخل ہونا پڑا ۔ پولیس نے امن و ضبط بحال کرنے کیلئے بلوائیوں کو اندر ڈال کرمسجد کے دراوزوں کو بند کردیا‘‘۔