ایرپورٹ سے بڑی ریالی، پریس کانفرنس دو منٹ میں ختم، صحافیوں میں ناراضگی اور مایوسی
ممبئی ۔ 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی کے آج دورہ ممبئی کے موقع پر شاندار خیرمقدم کیا گیا۔ ایرپورٹ سے ریالی نکالی گئی۔ مہاراشٹرا پردیش کانگریس کے صدر اشوک چوہان، ممبئی کانگریس کے صدر سنجے نروپم، جناردھن، چنڈا بھائی جگتاب، راجو اور دیگر سینئر رہنماؤں نے ان کا ایرپورٹ پر خیرمقدم کیا۔ راہول گاندھی کے استقبال کیلئے کئی پارٹی قائدین موجود تھے۔ ایک ہزار رکشا ڈرائیور بھی ایرپورٹ کے باہر دیکھے گئے۔ ایرپورٹ کے باہر سڑکوں پر جگہ جگہ مستقبل کے وزیراعظم کے ہورڈنگس لگائے گئے تھے۔ ان ہورڈنگس پر مرہٹی میں ’’بھاوی پردھان منتری‘‘ لکھا ہوا تھا۔ بھیونڈی عدالت میں حاضری کے بعد راہول گاندھی نے ممبئی گورے گاؤں میں واقع ممبئی ایگزیبیشن سنٹر پر پارٹی کے 15 ہزار سے زائد نوجوان کارکنوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے پری یوجنا شکتی اسکیم جاری کی۔ اس اسکیم کیلئے کانگریس صدر پارٹی کارکنوں سے براہ راست رابطہ رکھیں گے۔ راہول گاندھی نے پارٹی ضلع کونسلرس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شردپوار سے بھی ملاقات کی۔ قبل ازیں انہوں نے ایک پریس کانفرنس بھی منعقد کیا لیکن ان کی یہ پریس کانفرنس افراتفری میں ختم ہوگئی۔ چہارشنبہ کے دن ان کی یہ پہلی پریس کانفرنس دی جو صرف 2 منٹ 45 سکنڈ میں ختم ہوگئی۔ باندرا میں کانگریس اسٹیٹ اور سٹی یونٹس کی جانب سے منعقدہ پریس کانفرنس تقریباً صبح 8:30 بجے مقرر تھی۔ یہاں پر کئی صحافی موجود تھے۔ پرنٹ اور الیکٹرانک کے علاوہ آل انڈیا میڈیا سے وابستہ تقریباً 100 صحافیوں کو اس وقت ناراض و مایوس دیکھا گیا جب راہول گاندھی نے ایک گھنٹہ تاخیر سے پہنچ تک صرف 2 منٹ 45 سکنڈ بات کی۔ صحافیوں کی جانب سے مختلف سوالات کئے جانے پر وہ اٹھ کر چلے گئے۔ ابتدائی تعارف کے بعد جب راہول گاندھی سے سوال کیا گیا کہ آیا وہ لوک سبھا انتخابات 2019ء سے قبل اپوزیشن اتحاد کی قیادت کرنے کے خواہاں ہیں۔ اس سوال کو نظرانداز کرتے ہوئے راہول گاندھی نے بی جے پی، وزیراعظم نریندر مودی اور آر ایس ایس پر بھی تنقید کی۔ اس کے بعد وہ ہر ایک سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کانفرنس ہال سے چلے گئے۔ پارٹی کے ایک لیڈر نے کہا کہ راہول جی کو ناگپور اور ناندیڑ جانا تھا اس لئے وہ یہاں سے جلدی روانہ ہوئے۔ اس کانفرنس کیلئے کئی صحافیوں کو صبح 6 بجے ہی اپنے گھروں سے نکلنا پڑا تاکہ باندرا کے مقام کو پہنچ سکے۔ راہول گاندھی کے اس رویہ سے ناراض صحافیوں سے کانگریس لیڈر سنجے نروپم نے معذرت خواہی کی۔